خاندانی تقاریب اور اس میں شرکت کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ

,

   

ریاض ۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ قانون پر عمل کرنا ہرایک پرلازم اور قانون شکنی کرنے والوں کے بارے میں اطلاع فراہم کرنا ہر ایک کا فرض ہے۔ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزارت داخلہ نے ان امور کی نشاندی کی جو کورنا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے طور پر اختیار کی گئی ہیں۔کرنل شلھوب نے مزید کہا کہ ایسے افراد جو قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں ان کے بارے میں ٹول فری نمبر ہر اطلاع دی جائے۔ ترجمان کے حوالے سے مزید کہا کہ گزشتہ 2 دنوں میں سعودی کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عہدیداروں نے متعدد خوانچہ فروشوں کو گرفتار کیاتھا جو قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے تھے۔ ریڑھی پر متعدد افراد جمع ہو جاتے ہیں جو اجتماع کے قانون کی زد میں آتے ہیں۔ایسے افراد جو ایک جگہ جمع ہوتے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔کرنل شلھوب نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرفیو کی خلاف ورزی پر جرمانہ 10 ہزار ریال ہوتا ہے جبکہ متعدد خلاف ورزیوں پر اس میں اضافہ کریا جاتا ہے۔اجتماع کے قانون کے حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ خاندانی اجتماع کے قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے یا تقریبات کا انعقاد کرنے اور اس کی دعوت دینے والے بھی قانون شکنی کے مرتکب ہونگے۔ایسے افراد جو کسی بھی مقام پر تقریب منعقد کریں اور وہاں لوگوں کو مدعو کریں نہ صرف وہ بلکہ تقریب میں شریک بھی قانون شکن تصور کیے جائیں گے۔خاندانی تقریبات کے علاوہ کارکنوں کی پارٹی ، افطارپارٹی ، کانفرنسز ، برتھ ڈے ڈنر وغیر ہ کی غرض سے جمع ہونا بھی اجتماع کے قانون کیخلاف ورزی شماری کی جائے گی. ایسے افراد کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔ شلھوب نے کہا ہے کہ اجتماع پر پابندی کا مقصد سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرانا ہے کیونکہ کورونا وائرس انسان سے انسان کو بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔