ٹی آر ایس ایم اے کا اجلاس و انتخابات، ایس مدھو سدن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( پریس نوٹ ) ریکگنائزڈ اسکول منیجمینٹس اسوسی ایشن ( ٹی آر ایس ایم اے ) کا ایک اجلاس جوپلی بالماں فنکشن ہال دیوارایامجال حکیم پیٹ میں منعقد ہوا۔ صدر اسوسی ایشن جناب ایس مدھو سدن نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے تعلیمی معیار میں اضافہ کیلئے ہر ممکنہ وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ کارپوریٹ اسکولس کے تعلیمی معیار سے خانگی اسکول کا معیار بھی کسی طرح سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے قائم خانگی مدارس کیلئے حکومت نئی نئی شرائط عائد کررہی ہے جس سے اسکولس کا چلانا کافی دشوار ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی کانگریس حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خانگی مدارس سے متعلق حکومت مثبت اقدامات و اعلانات کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ 2009 کے تحت خانگی مدارس کے 25 فیصد بچوں کی فیس کی ادائیگی حکومت کے ذمہ ہے لیکن حکومت اس پر عمل نہیں کررہی ہے۔حیدرآباد میں کئی سلم بستیاں ہیں جہاں مدارس کے قیام میں حکومت کی شرائط کے باعث کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ اس موقع پر حیدرآباد کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتخابات عمل میں آئے جس میں جناب ایس مدھو سدن ، اسٹیٹ پریسیڈنٹ، جناب این رمیش راؤ اسٹیٹ جنرل سکریٹری، جناب پی رگھوویندرا ریڈی خازن کے علاوہ اسٹیٹ چیف ایڈوائزر یادگیری شیکھر راؤ، اسٹیٹ ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے شیوراتری یادگیری کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقع پر چارمینار منڈل کے صدر جناب محمد عمر صلاح الدین ، سکریٹری محمد افضل الدین، خازن سید اعظم الدین ذاکر اور بنڈلہ گوڑہ منڈل کے صدر جناب افسر محی الدین، سکریٹری جناب منیر الدین حفیظ اور خازن جناب عبدالواجد فتح نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور شال پوشی کرتے ہوئے گلپوشی کی۔ اعزازی صدر جناب سرینواس ریڈی، جناب پربھاکر ریڈی، جناب نارائن ریڈی ( چیف ایڈوائزر ) نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔