دبئی ۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ابوظہبی کے خانگی اسکولوں کے اساتذہ نے کہا ہے کہ مارچ کی تنخواہ نہیں دی گئی جبکہ انتظامیہ نے تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا ہے اور اساتذہ، دفتری کارکنان اور امدادی عملے کو بھی برطرف کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک خانگی اسکول میں اسلامی عرب علوم کے استاد احمد المغازی نے کہا کہ اسکول نے بجٹ کو کم کرنے کے لیے مجھ سمیت 4 اساتذہ کو برطرف کردیا ہے جبکہ دیگر اساتذہ کی تنخواہ پچاس فیصد تک کم کردی ہے۔نجوی حسین، شیریں فہیم، نعیمہ اور دیگر نے دعوی کیا کہ خانگی اسکولوں نے مارچ کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی اور بعض اساتذہ کو یہ کہا گیا ہے کہ انہیں بلا تنخواہ رخصت دے دی گئی ہے۔ متعدد اساتذہ کو بنیادی تنخواہ ہی دی گئی ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اپریل کی تنخواہ مزید کم دی جائے گی۔ کمپیوٹر و آرٹ کی خواتین اساتذہ نے کہا کہ وہ جن اسکولوں میں کام کر رہی ہیں ان کے منتظمین نے کئی اساتذہ کوبرطرف کر دیا۔اسکولوں نے یہ فیصلہ یہ کہہ کر کیا کہ آن لائن تعلیم کی صورت میں اسکول کا بجٹ کم ہوگا اور ایسی صورت میں ان کی موجودگی اسکول کے بجٹ پر بوجھ بنے گی۔
