حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور حج ڈیویژن کی جانب سے ریاستی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے حج گروپ آرگنائزرس اور خانگی ٹورآپریٹرس کی فہرست فراہم کریں جنہوں نے حج اور عمرہ کے عازمین کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم اور ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے بتایا کہ ایسے خانگی ٹور آپریٹرس اور حج گروپ آرگنائزرس جن کے خلاف بدانتظامی اور دھوکہ دہی کی شکایات ہیں ان کی تفصیلات مرکزی حکومت نے طلب کی ہیں۔ وزارت اقلیتی امور نے شکایات کی تفصیلات بھی روانہ کرنے کی خواہش کی تاکہ حج 2023 کیلئے خانگی ٹور آپریٹرس کو حج کوٹہ الاٹ کرتے وقت ان معاملات پر غور کیا جاسکے۔ ایسے افراد جنہوں نے خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کی ہوں خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج اور عمرہ کے دوران بدانتظامی اور دھوکہ دہی کی شکایت تلنگانہ حج کمیٹی میں سادہ کاغذ پر اور دستیاب میٹریل کے ساتھ داخل کریں۔ ایگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کے نام پر شکایات روانہ کی جائیں۔ ان شکایات کو وزارت اقلیتی امور حج ڈیویژن حکومت ہند سے رجوع کیا جائے گا تاکہ ان کے خلاف ضروری کارروائی کی جاسکے۔ر