آئیسولیشن کیلئے 4000 روپئے یومیہ ‘ آئی سی یو میں علاج کے بھی اخراجات طئے
بغیر وینٹیلیٹر 7500 اور وینٹیلیٹر کے ساتھ 9000 روپئے ۔ سرکاری احکام کی اجرائی
حیدرآباد۔15جون(سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے خانگی دواخانوں میں کورونا کے علاج کی سہولتوں اور خانگی لیاب میں کورونا معائنہ کی سہولت کا اعلان کرکے ان کیلئے قیمتوں کے تعین کردیا ہے اور جی او جاری کردیا ہے۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے احکامات میں کورونا معائنہ کیلئے 2200 روپئے وصول کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ گھرپہنچ کر سیمپل حاصل کرنے و معائنہ کیلئے قیمت 2800 روپئے وصول کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ جی او آرٹی نمبر 248میں خانگی دواخانو ںمیں کورونا مریضوں کے علاج و معالجہ کے علاوہ انہیں الگ تھلگ رکھنے کی قیمتوں کا بھی تعین کردیا گیا ۔ کورونا مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے روم کیلئے یومیہ 4000روپئے وصول کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ آئی سی یو میں بغیر وینٹیلیٹر کے الگ تھلگ رکھنے 7500 روپئے وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے اسی طرح آئی سی یومیں وینٹیلیٹر پر رکھنے 9000 روپئے وصول کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔سرکاری احکام میں صراحت کی گئی ہے کہ جو قیمتیں مقرر کی گئیں ان میں پی پی ای کٹس‘ کیموتھراپی اور دیگر امور کی قیمتوں کے علاوہ سی ٹی اسکیان‘ ایم آرآئی اور پی ای ٹی جو ضرورت پڑنے پر کئے جانے ہیں ان کی قیمتیں شامل نہیں ہیں لیکن دواخانوں کو ان معائنوں کیلئے 31ڈسمبر 2019کو جن قیمتوں کی منظوری دی گئی ہے ان کے مطابق خرچ لیا جاسکتا ہے ۔ ریاست میں کسی خانگی دواخانہ میں جہاں کورونا کا معائنہ کیا جائیگا 2200 روپئے سے زیادہ قیمت وصول نہیں کی جاسکے گی۔دوران علاج ڈاکٹرس کی تجویز پر جان بچانے کی ادویات کی قیمتوں کو علحدہ وصول کیا جاسکتا ہے ۔حکومت نے جو قیمتیںمقرر کی ہیں ان میں ایسے انجکشن کا خرچ شامل نہیں ہے جن کی قیمتیں 40 تا 50 ہزار روپئے بھی ہوسکتی ہیں اور یہ وقت ضرورت استعمال کیا جاسکتا ہے ۔خانگی دواخانوں و لیباریٹری کیلئے آئی سی ایم آر کی رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری لازمی ہوگی۔وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حکومت نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ سے جن لیباریٹریز کو اجازت دی ان میں معائنوں کو منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے متعلق سوال پر کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔ حکومت نے عہدیداروں کے ہمراہ مذاکرات اور غور و خوص کے بعد ان قیمتوں کا تعین کیا ہے جس پر عمل آوری تمام خانگی دواخانوں کیلئے لازمی ہے ۔احکامات اور قیمتوں کو دواخانہ کے داخلہ پر نصب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
