بے قاعدگیوں کی شکایت، نئے گائیڈلائینس کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد: حکومت نے خانگی لیباریٹریز میں کورونا ٹسٹ پر عارضی طور پر روک لگادی ہے۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے 10 خانگی اور 10 سرکاری لیباریٹریز کو حیدرآباد میں کورونا ٹسٹ کی اجازت دی تھی ۔ خانگی لیباریٹریز میں ٹسٹ کے معاملہ میں مبینہ بے قاعدگیوں کے منظر عام پر آنے کے بعد حکومت نے انہیں ٹسٹ کرنے سے روک دیا ہے۔ خانگی لیباریٹریز میں عوام بڑی تعداد میں رجوع ہورہے تھے اور دن بہ دن بوجھ میں اضافہ کے سبب مریضوں کی رپورٹ میں بعض خامیاں پائی گئیں۔ لیباریٹریز میں عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 10 جولائی کے بعد ٹسٹ کے سلسلہ میں اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔ حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے خانگی لیباریٹریز کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا ۔ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد خانگی لیابس کو ٹسٹ کرنے سے روکنے کا فیصلہ لیا گیا۔ ایک طرف ٹسٹ کے لئے عوام کی بڑھتی تعداد کے بعد اس فیصلہ نے سرکاری لیباریٹریز میں مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ خانگی لیابس میں ٹرینڈ اسٹاف کی کمی اور دیگر خامیوں کی نشاندہی کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 خانگی لیباریٹریز میں قواعد کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔