ما بعد کورونا معائنوں کی فیس میں تین تا چار گنا کا بھاری اضافہ
حیدرآباد۔کورونا علاج کیلئے حکومت کی مقررہ فیس پر عدم عمل آوری کی شکایات کے بعد اب تلنگانہ بالخصوص شہر کے خانگی دواخانو ںمیں مابعد کورونا معائنوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ۔جو معائنے گذشتہ مارچ میں 350تا500 روپئے میں کئے جاتے تھے ان کی قیمت میں تین گنا اضافہ کردیاگیا ہے اسی طرح ایچ آر سی ٹی معائنہ جو کہ پھیپڑوں کی جانچ کیلئے کیا جا رہا تھا اس کی قیمت میں دو تا تین گنا اضافہ کردیا گیا ۔ حکومت سے سال گذشتہ کورونا علاج کے احکامات اور فیس کے تعین کے بعد خانگی دواخانوںکی جانب سے ان پر عمل آوری سے بچنے مختلف طریقہ اختیار کئے گئے اور کورونا مریضوں کے آر ٹی پی سی آر معائنوں کے بجائے ایچ آرسی ٹی معائنوں کے ذریعہ پھیپڑوں کے متاثر ہونے کے عمل کو دیکھتے ہوئے علاج کیا گیا ۔ کہاگیا کہ کورونا کا معائنہ ہی نہیں کیا گیا تو متعین قیمتوں پر علاج کیسے کیا جائے گا! حکومت سے آر ٹی پی سی آر معائنوں کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب تلنگانہ اور حیدرآباد میں خانگی لیبس اور دواخانوں میں مابعد کورونا جن معائنوں کی ضرورت محسوس کی جار ہی ہے ان کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ڈی ۔ڈائمر خون کا معائنہ کیلئے گذشتہ برس 350تا 550روپئے وصول کئے جاتے تھے اب 1500 تا 2000 روپئے وصولے جا رہے ہیں ۔ ایچ آر سی ٹی کورونا سے صحتیاب بیشتر مریضوں کو کروانا پڑرہا ہے تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ کہیں پھیپڑے متاثر تو نہیں ہوئے ہیں!ایچ آرسی ٹی کیلئے اب تک 2000تا3500 روپئے وصول کئے جاتے تھے لیکن اب 4000تا7000ہزار روپئے وصولے جارہے ہیں ۔