خانگی میڈیکل کالج کے طلبہ کی منتقلی کے احکامات کالعدم

   

جسٹس نندا نے مرکزی حکومت کو دوبارہ غور کا مشورہ دیا
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری کی جانب سے 13 اور 14 نومبر 2023 کو جاری کردہ احکامات کالعدم کردیا ہے۔ احکامات میں کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسیس کو ہدایت دی گئی تھی کہ مہیشورا میڈیکل کالج کے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو کسی اور خانگی کالجس میں منتقل کیا جائے۔ جسٹس ایس نندا نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے مرکزی وزارت صحت کو ہدایت دی کہ میڈیکل کالج کی جانب سے دائر کردہ دوسری اپیل پر غور کرے۔ خانگی میڈیکل کالج نے نیشنل میڈیکل کونسل کی سفارش کو چیلنج کیا تھا جس میں منظوری سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے طلبہ کو دیگر کالجس میں منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ نیشنل میڈیکل کونسل نے 2021 میں 12 پوسٹ گریجویٹ کورسیس کے آغاز کی منظوری دی تھی۔ اس سلسلہ میں کالج کی جانب سے پیش کردہ بینک گیارنٹی کے نقلی پائے جانے پر میڈیکل کونسل نے اجازت نامہ منسوخ کردیا۔ کالج حکام نے پیش کردہ بینک گیارنٹیز اور دستاویزات کو درست قرار دیا ہے۔ جسٹس ایس نندا نے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت کو دوبارہ غور کرنے کی ہدایت دی ہے۔1