خانگی ہاسپٹلس غریبوں کی خدمت کے جذبہ سے کام کریں

   


وزیر داخلہ محمد محمود علی کا مشورہ
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ پیشہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور سماج میں ڈاکٹرس کو کافی عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹرس کو اپنے اس پیشہ کے تقدس کو باقی رکھتے ہوئے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کرنی چاہیئے۔ وزیر داخلہ آج عطا پور میں واقع جرمنٹن ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کے سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بیماریوں کا علاج غریبوں کیلئے مشکل مرحلہ بن چکا ہے کیونکہ علاج پر خطیر رقم کی ضرورت پڑتی ہے اور غریب بھاری رقومات ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ علاج کیلئے غریب خاندان اپنی ساری جمع پونجی رقم خرچ کردیتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ میں کئی ڈاکٹرس اور ہاسپٹلس ایسے ہیں جو خدمت خلق کے جذبہ کے تحت کام کررہے ہیں اور واجبی قیمت پر بہتر علاج کیا جاتا ہے۔ حکومت تلنگانہ سرکاری دواخانوں کو عصری بنانے کے اقدامات کررہی ہے اور عصری مشنریز سے لیس کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں سرکاری سطح پر 8 نئے میڈیکل کالجس قائم کئے گئے۔ آنے والے دنوں میں ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے ہاسپٹل کے ذمہ داروںکو مشورہ دیا کہ غریبوں کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کریں۔ ہاسپٹل کے چیرمین ڈاکٹر میر جواد زار خاں، ڈاکٹر انس احمد انصاری، ڈاکٹر غوث محی الدین، ڈاکٹر کرشنا کارتک، ڈاکٹر شام سندر اور ڈاکٹر شیخ محمد عظیم الدین اس موقع پر موجود تھے۔ر