حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے او بی سی مورچہ کے صدر کے لکشمن نے ملک میں تمام خانگی اور ڈیمڈ یونیورسٹیز میں تحفظات کے قاعدہ پر عمل درآمد کرنے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے تاکہ ان طبقات کے لئے سماجی انصاف ہو۔ کل یہاں جاری کردہ ایک بیان میں مسٹر لکشمن نے کہاکہ اس سلسلہ میں مرکز کی سابق حکومتوں کے تغافل سے خانگی اور ڈیمڈ یونیورسٹیز میں اب تک اس قاعدہ پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور یو جی سی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے لکشمن نے کہاکہ اس فیصلہ سے ملک میں 423 خانگی اور 130 ڈیمڈ یونیورسٹیز میں ریزرویشن پر عمل درآمد کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے کم از کم 8 لاکھ طلبہ کو ہر سال خانگی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ میں تمام خانگی اور ڈیمڈ یونیورسٹیز میں یو جی سی کے فیصلہ کے مطابق تحفظات کے قاعدہ پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیا۔ ریاست میں اس طرح کی دس سے زیادہ یونیورسٹیز ہیں جن میں ہر سال 30 ہزار طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے اور اس میں ریزرویشن پر عمل درآمد نہ کئے جانے پر ہر سال تقریباً 15 ہزار ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طلبہ کو یونیورسٹی میں داخلہ نہیں مل رہا ہے۔ مسٹر لکشمن نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ یو جی سی کے فیصلہ کے مطابق جاریہ تعلیمی سال ہی سے تمام خانگی اور ڈیمڈ یونیورسٹیز میں قاعدہ تحفظات پر عمل درآمد کرنے ہدایات جاری کئے جائیں۔