خان یونس ہاسپٹل پر خوفناک حملہ،متعدد فلسطینی شہید اور زخمی

,

   

غزہ سٹی: غزہ کی پٹی کے وسط میں پرتشدد جھڑپیں شروع ہونے کے بعد چہارشنبہ کو غاصب اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے خان یونس ہاسپٹل پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔اس نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ جس رہائشی عمارت پر بمباری کی گئی وہ انجمن کے الامل اسپتال کے سامنے واقع ہے۔غزہ میں وزارت صحت نے تصدیق کی کہ اسرائیلی بمباری میں 18 افراد جاں بحق ہوئے جس میں خان یونس میں اسپتال کے آس پاس کو نشانہ بنایا گیا۔فلسطین ٹی وی کے مطابق گذشتہ گھنٹوں کے دوران جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں، جن میں خان یونس میں 26 فلسطینی مارے گئے۔فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری نے اسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا، جس میں خان یونس میں ہزاروں بے گھر افراد شامل ہیں۔دریں اثنا اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کے جنگجو منگل کی صبح سے خان یونس میں سخت جھڑپوں میں مصروف ہیں۔دو ہفتے قبل اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں زمینی دراندازی کا آغاز کیا،جہاں بے گھر فلسطینیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اسرائیلی فورسز کے شمالی اور وسطی غزہ پر وحشیانہ بمباری کے بعد لاکھوں لوگ جنوبی غزہ منتقل ہوگئے تھے۔دریں اثنا، خوراک، طبی امداد کی کمی اور بعض بیماریوں کے پھیلاؤ کے خطرات کے جلو میں خان یونس اور مصر سے ملحقہ شہر رفح میں لاکھوں افراد خیموں اور پناہ گاہوں میں جمع ہیں۔
غزہ میں جنگ کے دوران چار بچوں کی پیدائش
یروشلم: جنوبی غزہ میں جنگ، نقل مکانی اور بقا کی جنگ کے دوران چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے ۔ چار بچوں کو جنم دینے والے ماں ایمان المصری کا تعلق فلسطین کے شمال سے ہے ۔7اکتوبر کو شروع ہونے اسرائیل حماس جنگ کے وقت وہ اپنے گھر سے میلوں دور جبالیہ پناہ گزین کیمپ تک پہنچی تھی۔ ایمان المصری کے ساتھ اس کے تین بچے بھی تھے ۔ وہ حفاظت کے لیے جنوب کی طرف دیر البلاح تک جانا چاہتے تھے ۔العربیہ کے مطابق ایمان المصری کے ہاں 18 دسمبر کو دو بیٹیوں ٹیا اور لن اور دو بیٹوں یاسر اور محمد کی پیدائش جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال میں ہوئی۔