خدمت خلق انسان کی بنیادی ضرورت ہے

   

ظہیرآباد میں اسلامی سنٹر پر ناگرک وکاس کیندرکا افتتاح ، مولانا حامد محمد خان کا خطاب

ظہیرآباد : جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد کے شعبہ خدمت خلق کے تحت ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن تلنگانہ کے زیراہتمام ظہیرآباد اسلامک سنٹر پر ناگرک وکاس کیندر کا افتتاح امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد خان کے ہاتھوں کل شام عمل میں آیا ۔ بعد ازاں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ خدمت خلق انسان کی بنیادی ضرورت ہے ، انسانوں کی خدمت کرنا بہت بڑی عبادت ہے ۔ انہوں نے مثالوں کے ذریعہ بتایا کہ ہر سال زکوٰۃ لینے والا آئندہ سال یا دو سال میں زکوٰۃ دینے والا بن جائے گا ۔ اپنے قدموں پر ٹھہرنے کے قابل بن جائے ، اس ناگرک وکاس کیندر کے آغاز پر مقامی جماعت کو مبارکباد پیش کی اور مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سالانہ دو ہزار کروڑ روپئے اقلیت وں کی معاشی ترقی کیلئے مختص کئے جاتے ہیں لیکن اس کا صحیح استعمال نہیں ہو پاتا ۔ سرکاری کئی اسکیمات تک عام آدمی کی پہنچ نہیں ہے ۔ دستاویزات کی عدم تکمیل ہی اس کی اہم وجہ ہے ۔ اس ناگرک وکاس کیندر کے ذریعہ مرکز و ریاست میں جاری فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیلئے منظم طور پر خدمات انجام دیئے جائیں گے ۔ مولانا نے دوٹوک کہا کہ سیول سوسائٹیز کے افراد وظیفہ یاب افراد رضاکارانہ طور پر ضرورت مندوں کی رہنمائی کرنے کیلئے اس کیندر سے اپنے آپ کو جوڑیں تاکہ عوامی خدمات کے ذریعہ اللہ کی رضا حاصل ہوسکے ۔ قبل ازیں مہمانان خصوصی رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے اس افتتاح پر مقامی جماعت کے ذمہ دارو ں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کئی ایک اسکیمات کو روبہ عمل لارہی ہے ۔ اس کیندر سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے سرکاری سطح کے کاموں پر ہر ممکنہ مدد و تعاون کی پیشکش کی ۔ کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی ظہیرآباد وائی نروتم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی تمام اسکیمات سماج کے کمزور طبقات اور اقلیتو ں کی معاشی ترقی کیلئے ہوتی ہیں لیکن یہ طبقات آج تک بھی معاشی طور پر پسماندہ ہیں ۔ حکومت کی ان فلاحی اسکیمات کی تشہیر و بیداری پروگرام منعقد ہونا چاہیئے ۔ جماعت اسلامی ہند اس کام کو ہمیشہ بیداری کیلئے حتی المقدور کوشش کرتی آرہی ہے جس سے مجھے بڑی مسرت ہوتی ہے ۔ ناگرک وکاس کیندر بھی خدمت خلق کا ایک حصہ ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اس کیندر کے قائم ہونے اور اس کے اغراض و مقاصد سے عوام کو والینٹرس کے ذریعہ واقف کروانا بیحد ضروری ہے ۔ سکریٹری ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن تلنگانہ و آندھراپردیش جناب محمد اقبال حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظہیرآباد کا ناگرک وکاس کیندر ریاست میں پانچواں پراجکٹ ہے ۔ مرکز اور ریاست کی 360 سے زائد فلاحی اسکیمات ہیں اس کی بیداری کیلئے مہم اور کیمپس قائم کریں ۔ مذکورہ اسکیمات سات نمونے کے دستاویزات ضروری ہیں ۔ اس کیندر سے ان دستاویزات کو تیار کیا جائے گا ۔ ضرورت مندوں کو دفتری کام کاج میں مدد کرے گا ۔ اس اسکیمات استفادہ حاصل کرنے کیلئے والینٹرس اپنی خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ اس فلاحی کام میں سماج کے اہل ثروت مالیہ اور وقت لگائیں تاکہ معاشی طور پر کمزوروں کو خود مکتفی بنایا جاسکے ۔ ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی نے بھی خطاب کیا ۔ اس تقریب کا آغاز برادر محمد عدنان کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا ۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد محمد ناظم الدین غوری نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کیا غرض و غایت پیش کی ۔ کوآرڈینیٹر این وی کے محدم حامد نے نظامت کی جبکہ معاون امیر مقامی محمد معین الدین نے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کی فروٹ کے ذریعہ تواضع کی گئی ۔ شرکاء میں شیخ فرید رکن ریلوے مشاورتی بورڈ ، محمد وسیم احمد ، محمد رفیع الدین ، محمد ایوب احمد ، محمد یوسف ، سید محی الدین ، محمد جہانگیر قریشی ، محمد یونس ، ناما روی کرن ، سابق کونسلرس و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔