ادارہ سیاست سے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان نے ترکیہ قونصل جنرل کو 10 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا
حیدرآباد ۔ 20 فبروری ( سیاست نیوز) جذبہ خدمت خلق میں حیدرآبادی مسلمان اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں ۔ مصیبت زدگان کیلئے حیدرآبادیوں کی امداد کا اجر صرف اللہ ہی دے گا ۔ ترکیہ کے قیامت خیز زلزلہ میں حیدرآبادیوں کی امداد کا ترکیہ ہمیشہ ممنون رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار قونصل جنرل ترکیہ متعینہ حیدرآباد مسٹر اوریان یلسمان اوکان نے کیا ۔ قونصل جنرل نے آج نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کا قونصل خانہ میں استقبال کیا ۔ ادارہ سیاست سے زلزلہ متاثرین کیلئے 10لاکھ روپئے کا چیک عامر علی خان نے قونصل جنرل کے حوالے کیا ۔ حالانکہ رقمی امداد پہلے ہی پہنچا دی گئی تھی ۔ قونصل جنرل اورہان اوکان نے حیدرآباد سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔ انہوںنے عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست سے بتایا کہ جب انہیں حیدرآباد قونصل خانہ کی ذمہ داری دی گئی تو وہ پریشان اور فکرمند تھے لیکن جب اس مسئلہ پر اپنے ہم منصب اور حیدرآباد میں خدمات انجام دے چکے قونصل جنرل سے بات ہوئی تو انہیں اطمینان ہوا اور وہ خدمات کے آغاز کیلئے بے چین ہوگئے ، ان کے ہم منصب نے انہیں بتایا کہ سرزمین حیدرآباد بہترین مقام ہے یہاں خلوص اور محبت کی کمی نہیں ۔ ایک قونصل جنرل کی اہلیہ نے یہ تاثر پیش کیا تھا کہ وہ حیدرآباد اور حیدرآبادیوں سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ وہ حیدرآباد کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں بلکہ حیدرآباد میں مستقل قیام کی خواہشمند تھیں ۔ ایک قونصل جنرل نے اوریان کو بتایا کہ انہیں حیدرآباد میں بہتر تجربہ ملے گا جو تاحیات یاد رہے گا اور ایسا تجربہ کسی اور مقام پر ملنا مشکل ہے ۔ یہاں کی تہذیب تمدن مہمان نوازی خدمت خلق کا جذبہ اور رواداری اپنے آپ میں منفرد شناخت رکھتی ہے ۔ حیدرآباد کے تعلق سے اوریان اوکان کے تاثرات پر جناب عامرعلی خان نے مسرت کا اظہار کیا اور قونصل جنرل سے ترکیہ کے موجودہ حالات پر بات کی اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی حالت زار اور عوامی زندگی پر تفصیلات حاصل کیں ۔ قونصل جنرل نے عامر علی خان کو بتایا کہ ترکیہ قونصل کی جانب سے صرف مالی امداد حاصل کرنے کا اس لئے فیصلہ کیا گیا چونکہ جو اشیاء اور امداد حاصل ہوئی ہیں انہیں اسٹور کرنے جگہ نہیں ہے ۔ حیدرآبادیوں کی فراخ دلی اور ملی جذبہ سے حاصل امداد کے سبب ترکیہ قونصل خانہ اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا ہے ۔ حالانکہ اشیاء کی ذخیرہ اندازی کیلئے شمس آباد میں گودام حاصل کیا گیا ۔ قونصل جنرل اورہان نے نیوز ایڈیٹر کو بتایا کہ اب وہ بری جہاز کا انتظام کرنے توجہ مرکوز کرچکے ہیں ۔ ایسی اشیاء جنہیں زیادہ دن تک رکھا جاسکتا ہے ان کو بحری جہاز سے روانہ کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ ایسی اشیاء جن کو ذخیرہ کرنے سے خراب ہوسکتی ہیںان کو ہوائی جہاز سے روانہ کیا جارہا ہے ۔ اس مسئلہ کے سبب قونصل جنرل ترکیہ حیدرآباد کی جانب سے مالی امداد رقمی شکل میں حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں اہل خیر حضرات سے رقم کی شکل میں امداد کی اپیل کی گئی ۔ قونصل جنرل ترکیہ حیدرآبادی عوام کے جذبہ خدمت خلق سے شدید متاثر ہوئے اور وہ حیدرآبادی عوام کے تعاون کی داستان سناتے ہوئے جذباتی ہوگئے ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کے ہمراہ ڈاکٹر حیدر علی خان و جناب خلیق الرحمان و دیگر موجو د تھے ۔ ع
