سہارنپور8اپریل(سیاست ڈاٹ کام )مغربی اترپردیش میں کانگریس کے انتخابی مہم اس وقت دھچکا لگا جب کانگریس کی وہ تینوں ریلیاں منسوخ ہوگئیں جس سے پیر کو کانگریس صدر راہل گاندھی ، ان کی بہن پرینکا گاندھی اور جیوتی رادتیہ سندھیا مشترکہ طور پر خطاب کرنے والے تھے ۔اطلاعات کے مطابق کانگریس کے تینوں سینئر لیڈروں کی مشترکہ ریلی کیرانہ کے شاملی، بجنور اور سہارنپور میں متوقع تھیں لیکن اس خطہ میں خراب موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تینوں ریلیوں کو منسوخ کردیا گیا۔سہارنپور میں ریلی کے منسوخ ہونے کی اطلاع سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود نے دی جبکہ ریلی کے میدان میں کانگریس حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔کل یعنی 09 اپریل پہلے مرحلے کے لئے انتخابی مہم کا آخری دن ہے اور اسی کے پیش نظر آج ان کانگریس لیڈروں کی ریلیاں تھیں لیکن موسم ریلیوں کے راستے میں حائل ہوگیا۔
