خشوگی قتل کیس ، محمد بن سلمان سے نمٹا جائیگا : امریکی سینیٹر

   

انقرہ 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک اہم امریکی سینیٹر نے آج کہا کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان ہی جمال خشوگی کے قتل کیلئے ذمہ دار ہے اور ان سے نمٹا جائیگا ۔ انہوں نے سعودی عرب کے خلاف تازہ تحدیدات کا انتباہ دیا ہے ۔ ریپبلیکن سینیٹر لنزی گراہم نے ‘ جو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے با اثر حلیف ہیں ‘ ماضی میں بھی کہا ہے کہ ولیعہد محمد بن سلمان ہی جمال خشوگی کے قتل سے واقفیت رکھتے تھے اور انہیں تمام تفصیلات کا علم تھا ۔ گراہم نے کہا کہ وہ اس نتیجہ پر پہونچ چکے ہیں کہ سعودی عرب اور امریکہ کے مابین تعلقات اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک محمد بن سلمان سے نمٹا نہیں جائیگا ۔ گراہم نے انتباہ دیا کہ جو لوگ اس قتل میں ملوث سمجھے جائیں گے ان کے خلاف تحدیدات عائد کی جائیں گی ۔ گراہم ان دنوں ترکی کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ یہ نتیجہ اخذ کرچکے ہیں کہ خشوگی کے قتل کیلئے محمد بن سلمان ہی ذمہ دار ہیں۔ مغربی ممالک بشمول امریکہ ‘ فرانس اور کناڈا نے 20 سعودی شہریوں کے خلاف تحدیدات عائد کی ہیں کیونکہ ان کے خیال میں یہ لوگ اس قتل کیلئے ذمہ دار ہوسکتے ہیں۔ اس کیس کے نتیجہ میں بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی شبیہہ متاثر ہوئی ہے ۔ گراہم نے کہا کہ ہم ان افراد کے خلاف تحدیدات عائد کرنے کا عمل شروع کرینگے جو جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ہیں۔ ہم یقینی طور پر یہ بیان دیتے ہیں کہ محمد بن سلمان اس سے واقفیت رکھتے تھے اور وہی اس کیلئے ذمہ دار ہیں۔ ہم اس سلسلہ میں تحدیدات عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔