خطرہ والے ممالک کے مسافرین کا ایرپورٹ پر ہی کورونا ٹسٹ

   

شیوپوری: شہری ہوابازی کے وزیر جیوتر ادتیہ سندھیانے آج کہاکہ زیادہ خطرے والے ممالک سے آنے والی بین الاقوامی پروازوں کے مسافرین کا کورونا ٹسٹ ایرپورٹس پر ہی کرایا جارہا ہے۔ سندھیا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ جو زیادہ خطرے والے ممالک ہیں وہاں سے آنے والے لوگوں کا ایرپورٹ پر ہی کورونا ٹسٹ کرایا جارہا ہے تاکہ اس صورتحال کو قابو میں رکھا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی ممالک سے آنے والے مسافروں سے متعلق مکمل احتیاط برتی جارہی ہے۔ مقامی رکن پارلیمان سندھیا پنچ کلیانک مہوتسو میں شامل ہوئے۔ ملک میں کورونا کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے خطرے کے سبب ایرپورٹس پر خصوصی احتیاط برتی جارہی ہے ۔سب سے پہلے کرناٹک میں اومی کرون کے دو مریضوں کی تشخیص ہوئی جس کے بعد راجستھان اور پھر مہاراشٹرا میں ایک ، ایک مریض کے اومی کرون سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے۔