خطے میں ایران کے خطرات کا مقابلہ کرنے تیار ہیں: امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ترجمان ٹم ہاکنز نے گزشتہ روز کہا ہے کہ امریکہ خطے کے لیے ایرانی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ٹم ہاکنز نے العربیہ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز اور مندب کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شراکت داروں کے ساتھ معلومات کا اشتراک اعتماد پیدا کرتا ہے اور تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔پانچویں امریکی بحری بیڑے کے ترجمان کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے بدھ کو عمان کے ساحل پر ایک آئل ٹینکر پر حملے کی مذمت کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اپنے بیان میں اس حملے کا الزام ایران پر الزام عائد کیا تھا۔سلیوان نے کہا تھا کہ دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ممکنہ طور پر ایران نے یہ حملہ ڈرون کے ذریعے کیا ہے۔ ایرانی ڈرون ایک مہلک ہتھیار ہے جسے اس نے پورے مشرق وسطیٰ میں اپنی پراکسیز کے ذریعے تیزی سے استعمال کیا ہے۔ یوکرین میں استعمال کیلئے ان ڈرونز کو روس کے حوالے بھی کیا گیا۔اس سے قبل سینئر اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے بھی آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا۔