خطے میں قیام امن کی بحالی کیلئے دو ریاستی فارمولا تیار کرنا ضروری

   

رملہ : امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل اورفلسطین کے درمیان تشدد کے واقعات میں بے گناہ فلسطینی شہریوں کے قتل پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔بلنکن نے غربِ اردن کے شہر رملہ میں فلسطینی صدرمحمود عباس سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے بعدایک بیان میں انہوںنے گزشتہ ایک سال کے دوران میں بڑھتے ہوئے تشدد میں بے گناہ فلسطینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پرتعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں اشتعال انگیزی کم کرنے پر زور دیا ہے۔ مغربی مقبوضہ بیت المقدس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اشتعال انگیزی اور تشدد کے خاتمے کیلیے فریقین کو مذاکرات بحال کرنا ہوں گے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے دو ریاستی حل کا فارمولا تیار کرنا ہوگا، فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی خانہ جنگی روکنا امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔ امریکی وزیرخارجہ بلنکن نے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان ہم آہنگی اور قربت بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں، ہمیں دونوں جانب سے جنگ بندی اور اعتماد کی فضا قائم کرنے کا انتظار رہے گا۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک اس تنازعہ میں 35 فلسطینی نوجوان اور بچّے مارے جاچکے ہیں جن میں یہودیوں پرحملے کرنے والے مبیّنہ عسکریت پسند اور عام شہری بھی شامل ہیں۔