نیویارک : بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر گزشتہ نو ماہ سے پھنسے ہوئے امریکی خلاباز بْچ ولمور اور سنی ولیمز کی اگلے ہفتہ زمین پر واپسی متوقع ہے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا اور اسپیس ایکس نے جمعہ کے روز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے نیا عملہ روانہ کر دیا ہے جس کے بعد وہاں گزشتہ نو ماہ سے پھنسے امریکی خلاباز بْچ وِلمور اور سنی ولیمز کی زمین پر واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے فالکن نائن راکٹ نے فلوریڈا میں قائم ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے جمعہ 14 مارچ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7:03 پر اڑان بھری۔ اس راکٹ میں چار خلاباز سوار ہیں جو ولمور اور ولیمز کے علاوہ خلائی اسٹیشن پر موجود دو دیگر خلابازوں کی جگہ لیں گے اور چھ ماہ تک خلائی اسٹیشن میں رہیں گے۔ توقع ہے کہ اسپیس ایکس کا یہ خلائی جہاز ہفتہ کی شام کو آئی ایس ایس پہنچے گا۔ آئی ایس ایس پر اس وقت موجود عملے میں ناسا کے خلاباز نک ہیگ اور روسی خلاباز الیگزینڈر گوربنوف بھی شامل ہیں جو گزشتہ برس ستمبر میں آئی ایس ایس پہنچے تھے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ تمام خلاباز اسٹیشن کا کنٹرول نئے عملے کے حوالے کرنے کے بعد بدھ 19 مارچ کو زمین کی طرف واپس روانہ ہوں گے۔