روزگار سے محرومی، چیف منسٹر کو کانگریس قائدین کا مکتوب
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے لاکھوں ہندوستانیوں کو واپس لانے کا مطالبہ کیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور کانگریس کورونا ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے ورکرس اور لیبرس کی مشکلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ خلیج میں تقریباً 85 لاکھ ہندوستانی برسر خدمت ہیں جن میں تقریباً 15 لاکھ کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ خلیجی ممالک سے تلنگانہ کو سالانہ 6,500 کروڑ کی آمدنی ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں یہ ورکرس روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ کئی ورکرس کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ 3.5 لاکھ تلنگانہ کے ورکرس روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور وہ وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں بین الاقوامی فلائٹس پر پابندی ہے، لہذا حکومت کو خصوصی پروازوں کا اہتمام کرتے ہوئے واپسی کا انتظام کرنا ہوگا۔ کیرالا حکومت کی جانب سے خلیج میں رہنے والے کیرالا ورکرس کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ کیرالا کو ورکرس کی واپسی کا انتظام کیا جارہا ہو۔ خلیجی ممالک میں ہندوستانی سفارت خانے ایسے افراد کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں جو وطن واپسی کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی لاکھ افراد نے اپنے نام رجسٹر کرائے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کویت نے ہندوستانی ورکرس کو بلا معاوضہ وطن واپسی کا پیشکش کیا ہے ۔ کانگریس قائدین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ ورکرس کی وطن واپسی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
