مقدمات کیلئے قانونی امداد، ایجنٹس کی دھوکہ دہی روکنے اقدامات، گلف ورکرس کی تنظیمو ںسے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظام آباد لوک سبھا حلقہ میں کانگریس امیدوار جیون ریڈی کی کامیابی کیلئے خلیجی ممالک کے متاثرین کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ خلیجی ممالک کے ورکرس کی نمائندگی کرنے والی مختلف تنظیموں کا اجلاس آج ہوٹل تاج دکن میں منعقد ہوا جس میں نظام آباد کے کانگریس امیدوار جیون ریڈی کے علاوہ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور دوسروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ خلیجی ممالک میں روزگار کے حصول کیلئے جانے والے ورکرس کے تحفظ کیلئے حکومت کی سطح پر خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ خلیجی ممالک میں روزگار کے سلسلہ میں دھوکہ دہی سے بچانے کیلئے سرکاری سطح پر مشنری متحرک کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع سے بڑی تعداد میں ورکرس خلیجی ممالک کا رخ کرچکے ہیں۔ ایجنٹس کی دھوکہ دہی کا شکار کئی ورکرس خلیجی ممالک میں مسائل کا شکار ہیں اور واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور دیگر ممالک کے ورکرس کے تحفظ کیلئے حکومت خصوصی بورڈ قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔ پرجا بھون میں ایک خصوصی ادارہ قائم کیا جائے گا جو بیرونی ممالک میں ہندوستانی ورکرس کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری سطح پر ٹول فری نمبر جاری کیا جائے گا جس کے ذریعہ ورکرس کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ 17 ستمبر سے قبل خلیجی ممالک کے ورکرس کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ادارہ کا قیام میری ذمہ داری ہے۔ دیگر ممالک کی جانب سے ان کے ورکرس کے تحفظ کی پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تلنگانہ کے عہدیدار مختلف ممالک سے ربط میں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کیرالا حکومت نے کل ورکرس کی بھلائی اور بازآبادکاری کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ورکرس کی بھلائی کیلئے پالیسی ڈاکومنٹ تیار کیا گیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد ورکرس کی تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ورکرس کی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی اور دھوکہ باز ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایجنٹس کو حکومت کے پاس رجسٹرڈ کرانے کی شرط عائد کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت کیلئے روانہ ہونے والے افراد کو کم از کم ایک ہفتہ ٹریننگ دینے کا منصوبہ ہے۔ رعیتو بیمہ کی طرح خلیج کے ورکرس کیلئے بیمہ اسکیم کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ورکرس کی جیون ریڈی موثر انداز میں نمائندگی کرپائیں گے لہذا لوک سبھا چناؤ میں انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کیا جائے۔ اجلاس میں شریک تنظیموں کے نمائندوں نے گلف میں فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے کی امداد کا خیرمقدم کیا۔ چیف منسٹر نے مقدمات کا سامنا کرنے والے ورکرس کو قانونی امداد فراہم کرنے اور ایجنٹس پر مختلف تحدیدات عائد کرنے کا تیقن دیا تاکہ انہیں دھوکہ دہی سے روکا جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خلیجی ممالک میں تلنگانہ کے تقریباً 15 لاکھ ورکرس ہیں۔1