خلیج سے واپس ورکرس کے کورنٹائن کا خرچ حکومت برداشت کرے ‘چیف منسٹر کو 4 ارکان اسمبلی کا مکتوب

   

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرکے خلیجی ممالک سے آنے والے تلنگانہ ورکرس کو حکومت کے خرچ پر کورنٹائن کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون سے پریشان حال لیبرس کی واپسی کے بعد ان پر کورنٹائن کا خرچ عائد نہ کیا جائے۔ وہ خرچ کی ادائیگی کے موقف میں نہیں ہیں لہذا حکومت کو ان کے اخراجات برداشت کرنے چاہیئے۔ ارکان اسمبلی سی ایچ رمیش، کے ودیا ساگر راؤ، ایم سنجے کمار اور روی شنکر نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کیا کیونکہ زیادہ تر واپس مزدور کریم نگر اور جگتیال سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں خلیجی ممالک میں تلنگانہ کے ہزاروں مزدور روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر انہوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ ورکرس کی اکثریت کا تعلق شمالی تلنگانہ کے اضلاع سے ہے۔ ان کی معاشی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے حکومت کو 14 دن کے کورنٹائن کا خرچ برداشت کرنا چاہیئے۔