خواتین اب بی جے پی کیخلاف آواز اٹھائیں : کے ٹی آر

   


حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تین آئیل مارکٹنگ کمپنیز (OMC) کو مرکزی کابینہ کی جانب سے 22,000 کروڑ روپئے کی ون ۔ ٹائم گرانٹ منظور کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راماراؤ نے پوچھا کہ خواتین کیلئے کیوں کوئی خصوصی پیاکیج نہیں دیا جارہا ہے جو ایل پی جی سلنڈرس پر سبسیڈی برخاست کرنے پر مالی مسائل سے دوچار ہیں کیونکہ سلنڈرس کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ کے ٹی آر نے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی صارفین کو بھی مرکز اسی طرح کا پیاکیج فراہم کرے جن پر شدید مالی بوجھ پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی وزیراعظم بننے سے پہلے گیس سلنڈر کی قیمت 400 روپئے تھی اور اب ایک ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1,100 روپئے ہوگئی ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ مودی نے جب ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 400 روپئے تھی تو اس وقت کے وزیراعظم پر تنقید کی تھی، کے ٹی آر نے پوچھا کہ اب قوم کیلئے ان کا جواب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2014ء میں گیس سلنڈر پر 827 روپئے کی سبسیڈی دی تھی جسے مودی حکومت نے صفر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت متوسط طبقہ کے تئیں بے حس ہے۔ بی جے پی حکومت نے گذشتہ سال سبسیڈیز کا 42 ہزار کروڑ روپئے کا بوجھ 39 کروڑ ایل پی جی کنکشن ہولڈرس پر ڈال دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے پوچھا کہ وہ مودی چاہتے ہیں یا سبسیڈیز۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کی جانب سے مسلط کی جانے والی مشکلات کو برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی شکست کا آغاز غریب اور متوسط طبقہ کے کچنس سے ہوگا۔