ممبئی۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے صنفی مساوات کی طرف ایک قدم بڑھاتے ہوئے خواتین اور مردکرکٹرز کو برابر میچ تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو اس کا اعلان کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہا مجھے امتیازی سلوک سے نمٹنے کے لیے بی سی سی آئی کے پہلے قدم کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ۔ ہم کنٹریکٹ خواتین کرکٹرز کے لیے مساوی تنخواہ کی پالیسی نافذ کر رہے ہیں۔ کرکٹ میں صنفی مساوات کے ایک نئے دور میں داخل ہوتے ہوئے مرد اور خواتین دونوں کے لئے میچ فیس مساوی ہوگی۔شاہ نے کہا، بی سی سی آئی خواتین کرکٹرزکو ان کے مرد ہم منصبوں کے برابر میچ فیس ادا کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بی سی سی آئی معاہدہ شدہ کھلاڑیوں کو ٹسٹ میچوں کے لیے15 لاکھ روپے ، ونڈے کے لیے6 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے 3 لاکھ روپے دے گا۔ شاہ نے کہا یکساں تنخواہ ہماری خواتین کرکٹرز کے لیے میری وابستگی تھی اور میں اپیکس کونسل کا ان کی حمایت کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔قابل ذکرہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) پہلا بورڈ ہے جس نے خواتین اور مردکھلاڑیوں کے لیے مساوی میچ فیس کا اعلان کیا۔ این زیڈ سی نے اس سال جولائی میں پلیئرز یونین کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ کیا تھا جس کے تحت خواتین اور مرد کھلاڑیوں کو برابر تنخواہ دی جائے گی۔تاہم بی سی سی آئی نے سالانہ معاہدے میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ سالانہ معاہدے کے تحت اے پلس کیٹیگری کے بین الاقوامی مردکھلاڑیوں کو سالانہ7 کروڑ روپے دیے جاتے ہیں، جبکہ اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 5 کروڑ، بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 3 کروڑ اور سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے ملتے ہیں۔بی سی سی آئی کے پاس بین الاقوامی خواتین کرکٹرز کے لیے اے پلس زمرہ کا سالانہ معاہدہ نہیں ہے ۔ اے کیٹیگری کی خواتین کھلاڑیوں کو 50 لاکھ، بی کیٹیگری کی خواتین کھلاڑیوں کو 30 لاکھ، جبکہ سی کیٹیگری کی سالانہ کنٹریکٹ والی خواتین کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے دئے جاتے ہیں۔بی سی سی آئی کے اس فیصلے کے بعد خاتون کرکٹرز نے اپنی خوشی اور اطمینان کا اظہار کرنے کے علاوہ ارباب مجاز سے اظہار تشکر بھی کیا ہے ۔