دنیا بھر کی خواتین مصروف زندگی میں توانائی اور ہمت میں کمی کی شکایت کرتی دکھائی دیتی ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین روزمرہ کے معاملات میں اس قدر اُلجھ چکی ہیں کہ انہیں اپنی طرف دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔اس سلسلے میں ہم نے ماہر غذائیت سے رابطہ کیا اور اپنی خواتین قارئین کی اچھی صحت کیلئے معلومات حاصل کیں جو نذر قارئین ہیں۔
خود کا خیال رکھنا شروع کریں :ابتدائی طور پر اپنے لئے وقت نکالنا تھوڑا مشکل ہو سکتا ہے، اس دوران سستی اور کاہلی بھی آڑے آ سکتی ہے لیکن اگر آپ واقعی اپنی صحت کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو مثبت سوچ کے ساتھ اس کام کا آغاز کریں۔
نصف گھنٹہ دھوپ میں گزاریں :صبح کے وقت کم از کم نصف گھنٹہ دھوپ میں گزاریں کیونکہ ایک تو اس سے جسم کو وٹامن ڈی بنانے میں مدد ملتی ہے تو دوسری جانب دماغ ایک ہارمون میلاٹونن کی افزائش روک دیتا ہے جو اندھیرے میں بنتا ہے۔یہ ہارمون ہمیں سلانے میں مدد کرتا ہے۔صبح کی دھوپ اس کی افزائش روکتی ہے اور ہمیں چاق و چوبند بنانے میں مدد دیتی ہے۔اس لئے بیدار ہوتے ہی کھڑکیوں کے پردے ہٹا دیں اور صبح کی روشنی اندر آنے دیں۔کوشش کریں کہ ناشتہ بھی دن کی روشنی میں ہو اور اس طرح آپ کی اندرونی جسمانی گھڑی بہتر ہونے لگے گی۔آپ دن بھر چاق و چوبند رہیں گی اور غنودگی کی شکایت بھی نہیں ہو گی۔
باقاعدگی سے ورزش کریں:روزانہ صرف 30 منٹ کی چہل قدمی آپ کے موڈ کو خوشگوار اور آپ کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ابتدائی طور پر تھوڑے وقت کیلئے ورزش کریں اور پھر وقت میں آہستہ آہستہ اضافہ کرتے جائیں، اگر آپ ایک وقت میں 30 منٹ تک ورزش نہیں کر سکتے تو اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ابتدائی طور پر آپ 10 منٹ کی ہلکی پھلکی ورزش کریں اور 20 منٹ تک چہل قدمی کریں۔
صحت بخش کھانا کھائیں اور ہائیڈریٹ رہیں:متوازن غذا اور وافر مقدار میں پانی دن بھر آپ کی توانائی اور توجہ کو بہتر بنا سکتا ہے۔اس کے علاوہ کیفین والے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس یا کافی کو محدود کریں۔ نیند کو ترجیح دیں۔اپنے شیڈول پر سختی سے قائم رہیں اور یقینی بنائیں کہ آپ نیند پوری کر رہے ہیں۔موبائیل اور اسکرین ٹائم نیند میں مشکل پیدا کر سکتے ہیں،لہٰذا سونے سے پہلے اپنے فون یا کمپیوٹر کو دور رکھیں۔