وزیر اعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب ۔ کانگریس اور حلیف جماعتوں پر سخت تنقید ۔ خواتین تحفظات بل کی ناکامی پر افسوس کا اظہار
نئی دہلی 18 اپریل ( ایجنسیز ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام جماعتوں نے ایک دیانتدارانہ کاوش کو شروع ہونے سے پہلی ہی ختم کردیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے آج رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ۔ ان کا اشارہ خواتین تحفظات بل کی ناکامی کی سمت تھا جسے کل لوک سبھا میں منظوری نہیں مل پائی تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ساری قوم کے سامنے کانگریس پارٹی اور اس کی حلیف جماعتوں نے ایک دیانتدارانہ کوشش کو شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘ سماجوادی پارٹی اور ڈی ایم کے جیسی پارٹیاں اس بل کی ناکامی کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے دستور کے خلاف جرم کیا ہے اور اس ملک کی خواتین کے خلاف جرم کا ارتکاب کیا ہے ۔ واضح رہے کہ درکار عددی طاقت نہ ہونے کے باوجود مرکزی حکومت نے خواتین تحفظات بل کو لوک سبھا میں منظور کروانے کی کوشش کی تھی تاہم اسے درکار تعداد میں ووٹ حاصل نہیں ہوسکے تھے ۔ اس بل کی تائید میں 298 اور مخالفت میں 230 ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ در اصل اس بل کے ساتھ حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا مسئلہ بھی مربوط تھا جس کے تحت مرکزی حکومت ملک میں لوک سبھا نشستوں کی تعداد کو 543 سے بڑھا کر 850 کرنا چاہتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس بل کی ناکامی پر وہ ملک کی تمام ماووں سے معذرت خواہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ در اصل ایک اہم مسئلہ پر اظہار خیال کرنا چاہتے تھے ۔ خاص طور پر ملک کی خواتین سے خطاب کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری دیکھ رہا ہے کہ کس طرح سے خواتین کی ترقی کو روک دیا گیا ہے ۔ ہماری بہترین کوشش کے باوجود ہم اس میں کامینب نہیں ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی ادھی نیم ( خواتین تحفظآت بل ) میں ترامیم کی حانی تھیں۔ وہ ملک کی تمام ماووں سے اس بل کی ناکامی پر معذرت خواہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوذ غرض سیاست کی وجہ سے ملک کی خواتین متاثر ہو رہی ہیں ۔ یہ سیاست کانگریس ‘ ڈی ایم کے ‘ ترنمول کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے لئے قوم کا مفاد سب سے اولین ہے ۔ تاہم کچھ لوگوں نے پارٹی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی ہے ۔ اس کا خمیازہ ملک کی خواتین کو بھگتنا پڑے گا ۔ ایسا ایک سے زائد بار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی ناکامی سے وہ مایوس ہوئے ہیں اور ساری اپوزیشن نے بل کی ناکامی کا جشن منایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل کروڑوں خواتین پارلیمنٹ کی کارروائی کا مشاہدہ کر رہی تھیں۔ قوم کی خواتین قریبی نظر رکھے ہوئے تھیں۔ بل ناکام ہوگیا جس کا انہیں بہت صدمہ ہے ۔ وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے ہمیشہ ہی خواتین تحفظات کو روکنے کیلئے سازش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اصل خواتین تحفظات کے موضوع سے نفرت کرتی ہے ۔ اس کیلئے جو کچھ کوششیں ہوئی ہیں کانگریس نے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ اس بار بھی کانگریس اور حلیفوں نے ایسا ہی کیا ہے ۔