سعودی سربرآوردہ علما بورڈکا افغان انتظامیہ سے مطالبہ
ریاض : سعودی سربرآوردہ علما بورڈ نے افغانستان انتظامیہ سے فیصلے سے رجوع کرنے اور خواتین کو تعلیم سمیت ان کے جائز حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق علما بورڈ نے کہا ہے کہ ’خواتین کو تعلیم سے محروم کرنا اسلامی شریعت کے منافی ہے‘۔بورڈ نے کہا ہے کہ ’اسلامی شریعت نے مرد و عورت کو اس کے پورے حقوق فراہم کرنے کی ضمانت دی ہے۔اسی ضمانت کی وجہ سے مسلمان خواتین نے تعلیم حاصل کی اور مختلف علوم و فنون میں مہارت حاصل کرتے ہوئے تاریخ میں اپنا نام روشن کیا ہے‘۔بورڈ نے کہا ہے کہ ’اسلامی شریعت کے مطابق خواتین کے لیے جن حقوق کی ضمانت دی گئی ہے ان میں تعلیم کا حق بھی شامل ہے۔کسی طور پر بھی یہ جائز نہیں کہ خواتین کو ان کے مسلمہ حقوق سمیت تعلیم کے حق سے محروم کیا جائے۔طالبان انتظامیہ نے حال ہی میں لڑکیوں کی یونیور سٹی میں تعلیم پر پابندی عائد کردی تھی اور اب این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کا اعلان کیا ہے جس سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ امریکہ سمیت کئی ممالک نے اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے ۔