خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی ‘ 39 افراد حراست میں

   

10 کو تین دن قید کی سزا ۔ 3 کو جرمانہ ۔ 26 افراد کی عدالت میں پیشی
حیدرآباد 19 جنوری ( سیاست نیوز ) خواتین کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے والے اقدامات نے حیدرآباد پولیس کی شی ٹیم نے جملہ 39 افراد کو حراست میں لیا ہے جو مبینہ طور پر مختلف مقامات پر خواتین کو ہراساں کر رہے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ ملزمین ناشائستہ برتاؤ بھی کر رہے تھے ۔ پرہجوم مقامات پر خواتین سے چھیڑ چھاڑ بھی کی جا رہی تھی ۔ یہ کارروائیاں نمائش میدان نامپلی ‘ چارمینار ‘ افضل گنج بس اسٹاپ ‘ پریڈ گراونڈ سکندرآباد ( کائیٹ فیسٹول کے دوران ) پیپلز پلازا اور دوسرے مقامات پر کی گئیں۔ جملہ 39 ملزمین میں 10 افراد قصور وار پائے گئے جو تین دن کی جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر 250 روپئے جرمانہ بھی کیا گیا ۔ مزید تین افراد کو وارننگ دے کر چھوڑا گیا ہے ۔ 26 معاملات میں ملزمین کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہونا ہے ۔ شی ٹیمس کی جانب سے پرہجوم مقامات پر پٹرولنگ کی جا رہی ہے جہاں خواتین کو ہراسانی کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔ شی ٹیمس کی جانب سے احتیاطی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے ۔ خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے افراد کے خلاف ویڈیو ثبوت جمع کرتے ہوئے کارروائی کی گئی اور ان کے خلاف قانونی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کے کسی بھی واقعہ پر شی ٹیمس سے رابطہ کریں۔ فون نمبر 9490616555 واٹس ایپ کے ذریعہ اطلاع دی جاسکتی ہے تاکہ اس طرح کی ہراسانی سے نجات حاصل کی جاسکے ۔