خواتین فیشن پر اپنے آرام اور دلی راحت کو ترجیح دیں

   

خواتین کو ہمیشہ سے ہی خوبصورت اور نئے نئے ملبوسات کی خریداری کا شوق ہوتا ہے، خوبصورت ملبوسات متعدد خواتین کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔فیشن کی دنیا میں نئے ڈیزائنرز ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات کے ساتھ سامنے آرہے ہیں۔خواتین سے ملبوسات کے بارے میں پوچھا جائے تو اکثر یہی جواب دیتی ہیں ’’سمجھ میں نہیں آ رہا کیسا سوٹ لوں؟ اگر آپ کا لباس اب تک تیار نہیں ہوا تو اپنا من پسند ڈیزائن سلوانے کا ارادہ ترک کرکے بازار سے ایک خوبصورت تیار جوڑا خرید لائیں۔ اس سے آپ کو ایک اچھا ڈیزائن بھی مل جائے گا اور وقت کی بچت بھی ہو گی۔بازار میں معروف ڈیزائنرز کے بے شمار نئے ڈیزائن اور خوبصورت اسٹائل کے ملبوسات موجود ہیں۔ موسم اور دھیمے رنگوں کے ٹرینڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں۔اس پر لان پر بنارسی پرنٹ،نیٹ کے دوپٹے،غرارے اور لہنگے،چھوٹی قمیض،اونچی کْرتیاں،ٹیولپ شلوار اور فلیپر پسند کئے جا رہے ہیں۔آستین میں تھرڈ کوارٹر لمبائی کے ساتھ گھیردار ڈیزائن ملبوسات کو منفرد تاثر دیتا ہے۔سنہرے اور رنگین دھاگوں سے نفیس کڑھائی،پھلکاری لہنگے،نیٹ کے چھنک ستارے سے تیار کئے گئے دوپٹے اور کڑھائی دار سادہ قمیض سہانا اور دلچسپ امتزاج پیش کرتے ہیں۔ شاپنگ کرتے وقت عجیب و غریب فیشن اور اسٹائل اپنانے کے بجائے ساد گی اور جدت کے دلکش امتزاج سے تیار کئے گئے ملبوسات پر توجہ دیں۔اب پرانا دور گزر گیا اور نیا زمانہ ہمارے سامنے ہے۔نئے زمانے کے اپنے تقاضے ہیں ۔ ہماری نانی دادی جو پہنتی تھیں وہ بہت مختلف تھا۔ہر لڑکی اور خاتون کو اندازہ ہونا چاہئے کہ اگر پْرکشش،اسٹائلش اور پْراعتماد نظر آنا ہے تو اپنی ڈریسنگ پہ بھروسہ کرنا ہے۔آپ نے جو کپڑے خریدنا ہیں،پورے اعتماد کے ساتھ خریدیںاور جب انہیں زیب تن کرنا ہے تو پورے بھروسے کے ساتھ ۔ جن کے پہناوے میں وہم ہوتے ہیں وہ خریداری سے لے کر پہننے اوڑھنے تک اْلجھنوں میں مبتلا رہتی ہیں۔یہ مسئلہ ہماری بیشتر خواتین کو درپیش ہوتا ہے۔اگر آپ کے اور آپ کے لباس کے مابین ’’محبت‘‘ نہیں تو آپ کیسے خوبصورت نظر آسکتی ہیں ۔ آپ کیسے دنیا سے منفرد ہوں گی۔ آپ دوسروں کی باتوں میں آ کر اکثر خواتین فیشن پہ اپنے کمفرٹ کو قربان کر دیتی ہیں۔آپ نے جو پہنا اْس نے آپ کو تسکین نہیں بلکہ تکلیف دی اور فیشن کے نام پہ ’’اَن ایزی‘‘ لباس پہن کر آپ کسی تقریب یا پارٹی میں کیسے خوش دکھائی دے سکتی ہیں ۔ آپ کنفیوزڈ اور پریشان لگیں گی تو فیشن کا کیا فائدہ،فیشن نے تو آپ کا سکون برباد کر دیا۔فیشن پہ اپنے آرام اور دلی راحت کو ترجیح دی۔پارٹی میں جائیں یا کسی بھی تقریب میں،بس ذہن نشین کر لیں کہ آپ کو اپنے ملبوس پہ فخر کرنا ہے۔کسی سے مت پوچھیں کہ میں کیسی لگ رہی ہوں ۔ آپ کو خود معلوم ہونا چاہئے کہ جو آپ نے پہنا وہ ’’خلعتِ فاخرہ‘‘ سے کم نہیں۔ اگر آپ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر قمیض پہنیں تو بہت خوبصورت اور منفرد لگیں گیں۔قمیض کا اِنر بنارسی ہے،تو اَپر شیفون کا ہونا چاہئے،جس پر انتہائی حسین کام کیا گیا ہو ، جبکہ پلین شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں چھن اور اطراف میں لیس کی ہم آمیزی اگر کی جائے تو وہ بھی خوب کھلے گی۔