خواتین کو ایرپورٹ پر تولنے کا فیصلہ

   

خرطوم ۔ سوڈانی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دار الحکومت خرطوم ایرپورٹ سے بیرون ملک جانے والا خواتین کو تولا جائے گا۔سوڈانی نیوز ایجنسی سونا کے مطابق سوڈانی خود مختارکونسل کے نائب سربراہ محمد حمدان حمیدتی نے کہا ہے کہ بیرون ملک سونا لے جانے کا سلسلہ روکنے کے لیے فوج ایرپورٹ پر موجود ہوگی، سونا اسمگل کرنے کے لیے خواتین کا استعمال بند کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ بیرون ملک سونا لے جانے کے لیے خواتین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو بھاری زیورات پہنائے جاتے ہیں اور پھر انہیں چند دن دبئی کی سیرکروائی جاتی ہے، واپسی میں خواتین زیوارات سے خالی لوٹتی ہیں۔ملک سے سونا اسمگل کرنے کا یہ طریقہ فرسودہ ہو چکا ہے، معاشرتی روایات کا احترام کرتے ہوئے ہم خواتین کوکچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اب ایرپورٹ حکام بیرون ملک جانی والی خواتین کا وزن چیک کریں گے۔ حمیدتی نے کہا ہے کہ خواتین جتنا سونا چاہیں لے جائیں لیکن واپسی میں پھر ان کا وزن جانچا جائے گا، اگر وہ سونے کے بغیر لوٹیں تو انہیں 10 سال قید ہوگی۔ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹنے کا تہیہ کر رکھا ہے، سونا اسمگل کرنے والے، غیر ملکی کرنسی میں ہیر پھیر کرنے والے اور بلیک مارکیٹ کے تاجر وں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔