ظہیرآباد میں تقریباً 4کروڑ مالیتی قرض کی تقسیم، رکن اسمبلی مانک راؤ کا خطاب
ظہیرآباد۔/24جولائی،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایم ایل اے کیمپ آفس ظہیرآباد میں آج بہبودی خواتین پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کی بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ خاص کر معاشی بحران کی شکار خواتین کی معیشت میں سدھار لانے کیلئے شروع کردہ مجوزہ پروگرام خواتین کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ آج کے پروگرام کے موقع پر 16 شہری سلم علاقوں کے 268 سیلف ہیلپ گروپس میں شامل 2.606 ارکان میں 3 کروڑ 74 لاکھ روپئے مالیتی چیکس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل محمد فرید الدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کی زیر قیادت ریاستی حکومت کی ترجیحات میں خواتین کی ترقی و بہبود پروگرام شامل ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ خود مکتفی ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی نسلوں کو بھی زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین پی رام کرشنا ریڈی، ڈی لکشما ریڈی سابق صدور نشین زرعی مارکٹ کمیٹی، منکال سبھاش، الاڈی نرسملو، مرلی کرشنا گوڑ سابق صدور نشین بلدیہ، مانکیماں سابق رکن ضلع پرجا پریشد، جی وجئے کمار سابق صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد، محمد تنظیم سابق نائب صدر نشین بلدیہ، ناماروی کرن، موتی رام، محمد یونس ، راملونیتا سابق اراکین بلدیہ، جی شیلا رمیش صدر مہیلا ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی ظہیرآباد، اے ویجناتھ صدر ٹی آر ایس ظہیرآباد منڈل اور دوسروں کے بشمول سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔ جبکہ محکمہ بہبودی خواتین کے عہدیداران وائی رمیش زونل منیجر، ٹی اننتاکی ریجنل منیجر، ڈی مہیندر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر، وی ویدیا اسسٹنٹ منیجر سنگاریڈی، پی راجیا اسسٹنٹ منیجر ظہیرآباد، وکرم نرسمہا ریڈی میونسپل کمشنر اوردوسروں نے اپنی موجودگی درج کرائی۔
