جی او معطل کرنے کیلئے مفاد عامہ کی درخواست
حیدرآباد ۔18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے تحت خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ تک پہنچ چکا ہے۔ حکومت کی اس سہولت کے نتیجہ میں مرد مسافرین کو مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس میں مفت سفر سے متعلق جی او 47 کو معطل کرنے کی اپیل کی گئی۔ خانگی کمپنی کے ملازم ہریندر کمار نے استدلال پیش کیا کہ حکومت کو اس بات کا اختیار نہیں ہے کہ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرے کیونکہ اس فیصلہ سے مرد اور خاتون مسافرین میں امتیاز پیدا ہوتا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ اس طرح کا امتیاز دستور کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر رہی ہیں جبکہ دیگر مسافرین اپنی محنت کی کمائی سے ٹکٹ حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت کی اس سہولت سے بسوں میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوچکا ہے جسے دیگر مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ کئی خواتین غیر ضروری سفر کر رہی ہیں۔ توقع ہے کہ مفاد عامہ کی اس درخواست کی جلد سماعت ہوگی۔ 1