خواتین کی ترقی کے بغیر سماج کی ترقی ممکن نہیں : اتم کمار ریڈی

   

سینٹ اینس انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح، تعلیم کے ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ دینے طلبہ کو مشورہ
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے سینٹ اینس کالج فار ویمن مہدی پٹنم میں سینٹ اینس انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے سماج کی مجموعی ترقی میں خواتین کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت خواتین کو ہر شعبہ میں ترقی یافتہ بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ویمن امپاورمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے ریاست کی مجموعی ترقی کے لئے جو ویژن تیار کیا ہے اُس میں خواتین کی ترقی ترجیحی ایجنڈہ کی طرح شامل کی گئی ہے۔ سینٹ اینس تلنگانہ کا پہلا ڈگری کالج بن چکا ہے جس نے حکومت کا مسلمہ انکوبیشن سنٹر قائم کیا ہے۔ تقریب میں سینٹ اینس اسکول اور کالجس کی صدر مدر انتھونماں، پرنسپل اینڈ ایجوکیشن کونسل برائے اسکولس ڈاکٹر ایس اے وجئے رانی، ٹی ہب کی چیف ایکزیکٹیو آفیسر پی سیتا اور عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر جی نارائن ریڈی نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے انکیوبیشن سنٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہاکہ اِس اقدام سے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان بہتر روابط میں مدد ملے گی۔ طلبہ کو صنعتی اداروں میں روزگار کے مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے خواتین کو انکیوبیشن سنٹر کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین آبادی میں 50 فیصد ہیں اور اگر اُنھیں ترقی میں حصہ دار نہیں بنایا گیا تو مجموعی ترقی ممکن نہیں۔ ویمن انٹرپرینرس کی حوصلہ افزائی میں یہ مرکز معاون ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ مرکز بزنس پلیٹ فارم کی طرح ہے جس کے ذریعہ نئے اسٹارٹ اپس کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت ہیلت کیئر، ایجوکیشن، رورل ڈیولپمنٹ اور ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ مذکورہ شعبہ جات میں خواتین کی حصہ داری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سنٹر کے فروغ کے لئے حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ٹی ہب اور وی ہب کی طرح یہ سنٹر بھی خاتون انٹرپرینرس کو تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے اسکول اور کالجس کے سابق طلبہ اور انڈسٹری کے قائدین کو اِس مہم میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ اتم کمار ریڈی نے سینٹ اینس تعلیمی اداروں سے اپنی دیرینہ وابستگی کا حوالہ دیا اور کہاکہ اُنھوں نے سینٹ اینس اسکول بی ایچ ای ایل میں تعلیم حاصل کی تھی۔ اسکول میں اُنھیں ڈسپلن اور اخلاقیات کا درس دیا گیا جس کے ذریعہ وہ ایرفورس آفیسر کے عہدہ تک پہونچ سکے۔ نلگنڈہ میں سینٹ اینس کے اداروں کی وہ ہرممکن مدد کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی میں اپنی شمولیت اور جنگی طیاروں کے پائلیٹ کی حیثیت سے چین اور پاکستان کی سرحدوں پر اُڑان بھرنے کے تجربات سے واقف کرایا۔ 2 دہوں تک فضائیہ کا یونیفارم پہننے کے بعد میں نے سیاست میں قدم رکھا اور مسلسل 7 مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ 6 مرتبہ رکن اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر عوام کی خدمت کرچکے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی ذمہ داری نبھانے کے بعد وہ تلنگانہ حکومت میں آبپاشی، فوڈ اینڈ سیول سپلائز کے وزیر ہیں۔ اُنھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ابھی سے چیالنجس کا مقابلہ کرنے کی عادت ڈالیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ کو اپنی تربیت میں شامل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کا شمار دنیا کے بہترین شہروں میں ہوتا ہے جہاں نہ صرف بہتر تہذیب اور روایات ملتی ہیں بلکہ رہائش کے لئے بھی یہ بہتر شہر کی حیثیت سے شناخت بناچکا ہے۔ اُنھوں نے سینٹ اینس تعلیمی اداروں کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1