اتم کمار ریڈی کا الزام، سیاسی مقصد براری کیلئے اسکیمات کی تشہیر
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو فنڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں دھوکہ دے رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج مریال گوڑہ اسمبلی حلقہ کے تحت ویمولا پلی کے منڈل پریشد جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بلاسودی قرض کے تحت حکومت کی جانب سے 2000 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ حکومت نئی اسکیمات پر ہزاروں کروڑ خرچ کررہی ہے لیکن خواتین کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکرس طویل عرصہ سے اپنے مطالبات کے حق میں جدوجہد کررہے ہیں۔ مقامی آنگن واڑی ورکرس نے اتم کمار ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز میں حکومت کی جانب سے سربراہ کیا جانے والا چاول غیر معیاری ہے۔ انہوں نے معیاری اور بہتر چاول کی سربراہی کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر اسکولوں میں کلاسیس کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے اور آن لائن کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ خاص طور پر دیہی علاقوں کے طلبہ آن لائن کلاسیس سے محروم ہیں کیونکہ انہیں موبائیل فون اور دیگر ضروریات کیلئے بھاری رقم درکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ سرکاری اسکولوں میں فوری طور پر آف لائن کلاسیس کا آغاز کیا جائے تاکہ غریب طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ ملک کی کئی ریاستوں میں باقاعدہ کلاسیس کا آغاز ہوچکا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عوامی نظام تقسیم کے تحت تمام وائیٹ راشن کارڈ ہولڈرس کو فائن رائس سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈ کیلئے جو درخواستیں داخل کی گئیں ان تمام کی یکسوئی کی جانی چاہیئے۔ اجلاس میں کئی سرپنچوں اور ایم پی ٹی سی ارکان نے شکایت کی کہ فیئر پرائس شاپس پر ڈیلرس کی جانب سے غیر معیاری چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی فلاحی اسکیمات کو سیاسی مقصد براری کے بجائے حقیقی خدمت کے جذبہ کے تحت عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد میں کامیابی کیلئے دلت بندھو اسکیم بڑے پیمانے پر عمل کی جارہی ہے۔R
