خواتین کے نئے سیلف ہیلپ گروپس قائم کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت

   


ریاست میں 6 لاکھ سے زائد سیلف ہیلپ گروپس، مختلف شعبوں میںٹریننگ کی تجویز
حیدرآباد ۔25 ۔ نومبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں خواتین کے نئے سیلف ہیلپ گروپس قائم کئے جائیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے ریاست میں سیلف ہیلپ گروپس کی کارکردگی پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں فی الوقت 606000 سیلف ہیلپ گروپس کے تحت 64 لاکھ ارکان ہیں، ان میں 430785 گروپس کے دیہی علاقوں میں قائم ہیں جبکہ 176623 گروپس شہری علاقوں میں ہیں جن کے ارکان تعداد 18 لاکھ ہے۔ چیف سکریٹری نے نئے ارکان کی نشاندہی کے ذریعہ سیلف ہیلپ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام موجودہ گروپس اور ان کے ارکان کی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور ارکان کو شناختی کارڈس جاری کئے جائیں۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپس کی آمدنی میں اضافہ کیلئے سرگرمیوں کو وسعت دینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف فنی کورسس میں سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان کو ٹریننگ دی جائے اور انہیں بینکوں سے بلا سودی قرض فراہم کئے جائیں تاکہ پیداوار میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹریننگ کے ذریعہ سیلف ہیلپ گروپس کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن ، انچارج سکریٹری پنچایت راج رگھونندن راؤ ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، ڈائرکٹر بلدی نظم و نسق ست نارائنا ، ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی شروتی آہوجا اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر