خواجہ بلال کے خلاف پی ڈی ایکٹ کالعدم ، رہائی کیلئے ہائی کورٹ کا حکم

   

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے مجلس کے سابق کارپوریٹر اور موجودہ کانگریس لیڈر خواجہ بلال احمد پر نافذ کئے گئے پی ڈی ایکٹ کے احکامات کو کالعدم کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا۔ عدالت کے اس احکام کے بعد خواجہ بلال کی چرلہ پلی سنٹرل جیل سے آج شام رہائی عمل میں آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ رچہ کنڈہ پولیس نے خواجہ بلال پر 4 ماہ قبل سخت پی ڈی ایکٹ نافذ کیا تھا اور طویل عرصہ کیلئے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔ پولیس کے اس احکام کے خلاف خواجہ بلال احمد تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے اور اس درخواست کی سماعت چیف جسٹس ٹی بی رادھا کرشنن اور جسٹس راج شیکھر ریڈی کے اجلاس پر ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے پولیس کی سرزنش کرتے ہوئے یہ سوال کیا کہ کس بنیاد پر خواجہ بلال پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے اور کیا خواجہ بلال پی ڈی ایکٹ کے دائرہ میں آتے ہیں۔ واضح رہے کہ سابقہ مجلسی کارپوریٹر خواجہ بلال احمد کو عبداللہ پور میٹ پولیس نے ایک قتل کیس میں ماخوذ کیا تھا اور سابق میں ان کے خلاف فرقہ وارانہ نوعیت کے درج کئے گئے مقدمات کی بنیاد پر ان پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا تھا۔