خوشی کے موقع پر غریبوں کی یاد اور اُن کی مدد انسانی ہمدردی کی مثال

   

جناب عامر علی خاں نے منوگوڑ کے ترکا کاشا طبقہ سے ملاقات کی ، 50مشینوں کی تقسیم اور زخمی مزدوروں کی امداد ،محنت کش طبقہ کی جانب سے کیک کاٹا گیا
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) خوشیوں کے اظہار اور خوشی کے اہتمام کیلئے عام طور پر بڑی تقاریب اور جشن کے اہتمام کی روایات موجود ہے لیکن حقیقی خوشی تو اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب غریبوں اور محنت کش طبقہ کے دکھ درد میں شامل ہوکر اُن کی مدد کی جائے ۔ رکن قانون ساز کونسل اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر حامیوں کی جانب سے مختلف تقاریب کے اہتمام کے بجائے محنت کش ترکا کاشا طبقے کے محنت کش افراد کے درمیان پہنچ کر انہیں نہ صرف مشین حوالے کئے بلکہ اُن کی مدد کی ۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع کے منوگوڑ میں تلنگانہ ترکا کاشا ویلفیر اسوسی ایشن نے جناب عامر علی خاں کا نہ صرف استقبال کیا بلکہ پتھر پھوڑنے والے افراد کے مسائل سے واقف کرایا ۔ مشینوں کی تقسیم کے تیسرے مرحلے کے تحت 50 اسٹون کٹنگ مشین تقسیم کئے گئے ۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل کے رکن نامزد کئے جانے کے بعد سے جناب عامر علی خاں انتہائی پسماندہ طبقات کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں ۔ انہوں نے پتھر پھوڑ کر زندگی بسر کرنے والے ترکا کاشا طبقہ کے افراد کیلئے پتھر کاٹنے کی مشینوں کا انتظام کرتے ہوئے اُن کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنایا ۔ پتھر پھوڑنے کی مشین کے ذریعہ ترکا کاشا طبقہ کے افراد روزانہ بہتر آمدنی حاصل کرتے ہیں ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں اس طبقہ کے افراد میں جناب عامر علی خاں نے مشینوں کی تقسیم کے ذریعہ اُن کی زندگیوں میں خوشحالی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ حکومت کی سطح پر بھی اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے پتھر کاٹنے کی مشینوں کی تقسیم کا انتظام کیا گیا ۔ جناب عامر علی خاں کا منوگوڑ پہنچنے پر ریاستی سکریٹری شیخ بڑے صاحب ، مقامی سرپنچ ایس ڈی پریش ، سید جہانگیر اور منڈل صدر شیخ لطیف نے استقبال کیا ۔ ویلکم عامر علی خاں اور جئے جئے ترکا کاشا کے نعروں کے ساتھ جناب عامر علی خاں کو منوگوڑ کے اُن دیہاتوں کا دورہ کرایا گیا جہاں پتھر پھوڑنے والا طبقہ بستا ہے ۔ اس طبقہ کے افراد نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں کے جذبہ خدمت اور انسانی ہمدردی کی ستائش کی اور حکومت نے انتہائی پسماندہ ترکا کاشا کے طبقہ کے بھلائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے لیکن جناب عامر علی خاں نے خصوصی دلچسپی سے نہ صرف خانگی سطح پر بلکہ سرکاری سطح پر بھی مشینوں کی تقسیم کو یقینی بنایا ۔ جناب عامر علی خاں نے مقامی ورکرز کے مکانات پہنچ کر اُن کے حالات کا برسرموقع جائزہ لیا ۔ انہوں نے پتھر پھوڑنے کے دوران زخمی ہونے والے مزدروں کی عیادت کی اور اپنی جانب سے مالی امداد فراہم کی ۔ انہوں نے زخمیوں کو بہتر طبقی امداد کی سہولت فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ ترکا کاشا طبقہ عارضی مکانات میں انتہائی غربت اور کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔ اس طبقہ سے وابستہ افراد نے جناب عامر علی خاں نے سالگرہ کیک کاٹ کر منائی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سالگرہ تقریب کے بجائے غریبوں کے درمیان پہنچ کر اُن کی مدد کرتے ہوئے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ۔ 1/S