کوئٹہ ۔ 12 مئی (ایجنسیز) پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکا نورنگ تھانے کے قریب ایک رکشے میں ہوا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ضلعی پولیس افسر نذیر خان کے مطابق لکی مروت کے علاقے نورنگ میں ہونے والا یہ دھماکہ بظاہر خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔مقامی پولیس کے مطابق مارنے جانے والے نو افراد میں دو ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ نورنگ کے مصروف ترین بازار میں واقع پھاٹک چوک پر ہوا۔ اس مقام پر صبح کے اوقات میں زیادہ رش کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں۔پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال کے علاوہ بنوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال اور خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منقتل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 لکی مروت کی جانب سے جاری بیان میں بھی بتایا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔