زیر التواء درخواست کی یکسوئی کی اپیل، منگل کو آئندہ سماعت
حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کو خیریت آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کیلئے سابق وزیر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی دختر وجیہ ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں لنچ موشن پٹیشن دائر کی ہے۔ وجیہ ریڈی کی درخواست پر ہائی کورٹ نے سماعت ہوئی ۔ عدالت نے حکومت اور دیگر فریقوں کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت منگل کو مقرر کی ہے۔ وجیہ ریڈی نے اپنی درخواست میں عدالت سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن کو ضمنی چناؤ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈی ناگیندر کے انتخاب کو چیلنج کرتے ہوئے 2024 میں انتخابی عذرداری دائر کی گئی جو ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن کے حلفنامہ میں ناگیندر کی جانب سے غلط معلومات فراہم کرنے پر درخواست دائر کی گئی۔ وجیہ ریڈی کے وکیل نے کہا کہ زیر التواء درخواست کی یکسوئی تک الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔ مقدمہ میں الیکشن کمیشن اور ڈی ناگیندر کو فریق بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2023 میں ڈی ناگیندر نے بی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس وقت وجیہ ریڈی نے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ ناگیندر کو 22010 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ بعد میں ناگیندر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ وجیہ ریڈی نے انتخابی حلفنامہ میں ناگیندر کی اہلیہ اور دیگر افراد خاندان کے اثاثہ جات کے بارے میں غلط معلومات کی فراہمی کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں ناگیندر کے انتخاب کو چیلنج کرتے ہوئے نتیجہ کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے تاہم انحراف کے معاملہ میں ہائی کورٹ نے ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا۔ اسمبلی سکریٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے خیریت آباد اسمبلی نشست کو مخلوعہ قرار دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کے مرحلہ میں وجیہ ریڈی نے پٹیشن دائر کرتے ہوئے ان کی درخواست کی یکسوئی تک ضمنی چناؤ کو روکنے کی اپیل کی ۔ 1/k