کراچی میں خفیہ کلب، شراب و کوکین کا استعمال ، وقفہ وقفہ سے ٹھکانے تبدیل ،سابق ایف بی آئی ایجنٹ کامران کا دعویٰ
نئی دہلی:/20 نومبر (ایجنسیز) ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کا ملزم اور ہندوستان کے انتہائی مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی، اس کی خانگی زندگی، خفیہ ٹھکانوں اور پاکستانی حکام سے مبینہ روابط کے بارے میں سابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے انڈر کور آپریٹو کامران فریدی نے کئی حیران کن انکشافات کئے ہیں۔ کامران فریدی کا دعویٰ ہے کہ وہ ایف بی آئی کے ایک خفیہ آپریشن کے تحت پاکستان میں داود ابراہیم کے نیٹ ورک میں داخل ہوا تھا اور اس دوران اسے داود ابراہیم سے قریب سے ملاقات کرنے اور اس کی خانگی زندگی کو دیکھنے کا موقع ملا۔ کامران فریدی نے آج تک ریڈیو کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ داود ابراہیم بظاہر مذہبی سرگرمیوں میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے، تاہم اس کی خانگی زندگی اس سے بالکل مختلف ہے۔ وہ پانچ وقت کا نمازی نہیں ہے اور مذہبی مجالس و میلاد کی محفلوں میں شرکت کے باوجود شراب اور کوکین کا استعمال کرتا رہا ہے۔ کامران کے مطابق اس نے خود داود ابراہیم کے لئے شراب خریدی تھی۔ اس کا دعویٰ ہے کہ داود نے تھائی لینڈ سے تقریباً 1800 سے 1900 ڈالر مالیت کی مہنگی شراب بھی منگوائی تھی۔ تاہم اس کے بقول اب اس نے شراب نوشی ترک کردی ہے، لیکن کوکین کا استعمال جاری ہے۔کامران فریدی نے داود ابراہیم کے ایک مبینہ خفیہ ٹھکانے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں زمزمہ کے علاقے میں واقع ایک مکان، جسے 22 نمبر زمزمہ کے نام سے جانا جاتا ہے، داود ابراہیم کی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہا ہے۔ بظاہر یہ ایک عام مکان دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے تہہ خانے میں جدید سہولتوں سے آراستہ ایک کلب قائم ہے، جسے آواز سے محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ باہر موجود افراد کو اندر ہونے والی سرگرمیوں کی آواز سنائی نہ دے۔ اس کے مطابق اس مقام پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور داود ابراہیم مبینہ طور پر پاکستانی سرکاری عہدیداروں کے ساتھ یہاں محفل رقص دیکھنے آتا تھا۔ اسی مقام پر کاروباری ملاقاتیں بھی ہوتی تھیں۔ کامران کا دعویٰ ہے کہ اس نے خود اس طرح کی محفلوں میں شرکت کی اور داود ابراہیم کو قریب سے دیکھا ہے۔ کامران فریدی کے مطابق داود ابراہیم پاکستان میں اب بھی سرگرم ہے اور بھارت و پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتے ہی اپنے ٹھکانے تبدیل کرلیتا ہے۔ وہ دن کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کرتا ہے اور زیادہ تر رات کے وقت ہی نقل و حرکت کرتا ہے۔ کامران کا دعویٰ ہے کہ اڈے پاکستان میں داود ابراہیم کے تین خفیہ ٹھکانوں کے بارے میں معلومات حاصل تھیں۔ انس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ داود ابراہیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری چھوٹا شکیل سنبھالتا ہے اور وہ مبینہ طور پر ہر جمعہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹر پہنچ کر حفاظتی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کرتا ہے۔