داؤد کے بھتیجے رضوان کاسکر کی ضمانت عرضی مسترد

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھتیجے رضوان محمد ابراہیم کاسکر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔جسٹس ایم آر شاہ کی سربراہی والی بنچ نے اس معاملے میں فرد جرم عائد نہ کاحوالہ دیتے ہوئے ‘اس سطح ’ پر ضمانت دینے سے انکار کردیا۔بنچ نے کہا ‘‘ہم اس سطح پر مداخلت نہیں کر سکتے ۔ اگر تفتیش مکمل کر لی گئی ہوتی اور تمام ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کر دی جاتی تو ہم ضمانت پر غور کر سکتے تھے اس سے قبل بامبے ہائی کورٹ نے 31 دسمبر 2021 کو کاسکر کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا، جسے اس نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے ضمانت کی درخواست کو مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ نچلی عدالت کو چھ ماہ کے اندر اس معاملے سے متعلق ملزمین کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزم دوبارہ ضمانت کے لیے اس عدالت سے رجوع کر سکتا ہے ۔ایک بلڈر کو مبینہ طور پر دھمکی دینے کے الزام میں کاسکر کے خلاف 2019 میں مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔