واشنگٹن : امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمہ کے بعد بھی امریکی افواج کو شام میں تعینات رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ داعش کو دوبارہ بڑے خطرے کے طور پر اْبھرنے سے روکا جا سکے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہاں امریکی افواج کی اب بھی ضرورت ہے، خاص طور پر ان حراستی کیمپوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جہاں دسیوں ہزار داعش کے سابق جنگجو اور اْن کے خاندان کے افراد موجود ہیں۔ایک اندازہ کے مطابق ان کیمپوں میں داعش کے آٹھ سے دس ہزار جنگجوؤں کو رکھا گیا ہے جن میں سے دو ہزار کو انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔لائیڈ آسٹن نے کہا کہ اگر شام کو غیرمحفوظ رکھا گیا تو ’میرا خیال ہے کہ داعش کے جنگجو دوبارہ مرکزی دھارے میں آ جائیں گے۔‘امریکی وزیر دفاع نے یہ گفتگو جرمنی کی رامسٹین ایئربیس پر پہنچنے کے بعد کی جہاں وہ یوکرین کی فوجی امداد کے حوالے سے 50 شراکت دار ملکوں سے بات چیت کریں گے۔لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ’ہمیں داعش کے گلے پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے میرے خیال میں ابھی مزید کچھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘نومنتخب صدر ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران سنہ 2018 میں شام سے امریکی افواج واپس بلانے کی کوشش کی تھی جس کے باعث اْس وقت کے وزیر دفاع جم میٹس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔شام میں گزشتہ ماہ جب حیات تحریر الشام گروپ نے بشار الاسد حکومت کے خلاف پیش قدمی کی تو ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ امریکی فوج کو اس تنازعہ سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔شام میں داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ کے تقریباً دو ہزار فوجی ہیں، یہ اْس تعداد سے کہیں زیادہ ہے جو حکام کے مطابق سنہ 20115 میں پہلی بار بھیجی گئی تھی اور 900 اہلکاروں پر مشتمل تھی۔شام میں داعش کے جنگجوؤں کی جانب سے شہروں کی جانب پیش قدمی کے بعد امریکی افواج وہاں اتری تھیں۔جب گزشتہ ماہ8 دسمبر کو بشار الاسد حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مسلح تنظیم نے برق رفتار پیش قدمی کی تو شام میں امریکی فوجیوں کی مسلسل موجودگی پر سوال اْٹھایا گیا۔امریکی افواج نے داعش کے خلاف کارروائیوں کے دوران کردوں کی زیرقیادت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔شام میں کردوں کی اس مسلح تنظیم کو ترکی کردستان ورکرز پارٹی، یا پی کے کے سے منسلک سمجھتا ہے، اور اس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔شام میں اس وقت عبوری حکومت تشکیل پا رہی ہے، اور اس وقت بھی غیریقینی برقرار ہے کہ اس کے آگے بڑھنے کے دوران کیا ہوگا۔امریکی وزیر دفاع نے کرد تنظیم کے حوالے سے کہا کہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ رہی۔ کسی مرحلے پر ان کو بھی شام کی افواج میں شامل کر لیا جائے گا ۔