داماد کے ہاتھوں ساس کابے رحمانہ قتل

   

ملزم گرفتاراور عدالتی ریمانڈ‘تیزی سے کاروائی پرپولیس عہدیداروںکی ستائش
کاماریڈی :5؍جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دو دن قبل کاماریڈی ضلع موضع پٹلّم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں راجو نامی شخص کی والدہ لکشمی کو اس کے اپنے داماد باگراجو نے بے رحمی کے سے قتل کر دیا تھا۔ تین سال قبل لکشمی نے اپنے داماد کو ایک لاکھ روپے بطور قرض دیے تھے جس کی واپسی کے لیے وہ بار بار تقاضہ کر رہی تھیں، مگر باگراجو ٹال مٹول کرتا رہا۔ حالیہ دنوں باگراجو نے مکئی کی فصل بیچ کر حاصل شدہ رقم اپنی ساس کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کروائی مگر جب اُس نے رقم واپس مانگی تو لکشمی نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ رقم قرض کے بدلے رکھ لی گئی ہے۔اس انکار پر باگراجو نے اپنی ساس کے خلاف انتقام لینے کا فیصلہ کر تے ہوئے اپنی ساس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ جس دن لکشمی اسکول میں باورچی کا کام ختم کر کے گھر لوٹ رہی تھیں اُسی وقت باگراجو نے تنہا موقع پا کر کٹار سے ان کی گردن پر حملہ کیا جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مقتولہ کے افرادِ خاندان کی شکایت پر پٹلّم پولیس نے دفعہ 103(1) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا واقعہ کے فوری بعد ملزم باگراجو خود اپنی موٹر سائیکل اور قتل میں استعمال شدہ ہتھیار کے ساتھ تھانے پہنچ کر پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کی۔ ڈی ایس پی بانسواڑہ کی نگرانی میں سرکل انسپکٹر بانسواڑہ رورل راجیش اور سب انسپکٹر پٹلّم راجو نے بروقت شواہد اکٹھے کیے۔ جن میں ہتھیار، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دونوں (ملزم و مقتولہ) کے ملبوسات شامل ہیں۔ تمام شواہد کی بنیاد پر باگراجو کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر روانہ کر دیا گیا۔اس معاملے میں پولیس نے جس تیزی اور مؤثر انداز میں کارروائی کی اس پر ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا نے ڈی ایس پی بانسواڑہ،رورل سرکل انسپکٹر راجیش، اور سب انسپکٹر راجو کو مبارکباد پیش کی ہے۔