دامودر راج نرسمہا حضور آباد اسمبلی حلقہ کے انچارج مقرر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا کو حضور آباد اسمبلی حلقہ کا انچارج مقرر کیا ہے۔ حضور آباد کے ضمنی چناؤ کی تیاری کے تحت ریونت ریڈی نے ہر منڈل کے لئے سینئر قائدین کو انچارج مقرر کیا ہے۔ انتخابی مہم اور دیگر تمام سرگرمیوں کی نگرانی دامودر راج نرسمہا کریں گے جبکہ رکن کونسل ٹی جیون ریڈی ، رکن اسمبلی ٹی سریدھر بابو اور سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کو الیکشن کوآرڈینیٹرس مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ 7 مختلف منڈلوں کے لئے انچارجس کو مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ۔ ہر منڈل کے لئے 2 عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ جن اہم قائدین کو حضور آباد کی انتخابی مہم میں شامل کیا گیا ہے ، ان میں کونڈا سریکھا ، این راجندر ریڈی ، ٹی نرسا ریڈی ، ایس راجیا، وجئے رمنا راؤ اور اے سرینواس شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ریونت ریڈی حضور آباد کے دورہ کا منصوبہ بنائیں گے ۔