داڑھی والے شخص سے مباحثہ کریں۔ سی اے اے پر کھلے عام مباحثہ کرنے اسد اویسی کا امیت شاہ کوچیلنج

,

   

حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کھلا چیلنج کیا کہ وہ سی اے اے پر مباحثہ کریں۔ واضح رہے کہ امیت شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران جن میں کانگریس کے راہل گاندھی‘ ترنمول کانگریس مغربی بنگال کی ممتا بنرجی، بہوجن سماج وادی پارٹی کی مایاوتی اور سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کو شہریت ترمیمی قانون پر بحث کرنے کی دعوت دی ہے۔

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کریم نگر کے ایک جلسہ سے اسد اویسی نے کہا کہ سی اے اے، این آرسی اور این پی آر پر بحث کرنے میں تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمہیں مجھ سے بحث کرنا چاہئے۔ میں یہیں ہوں۔ ان کے ساتھ بحث کیوں؟ بحث ایک داڑھی والے شخص سے ہونی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق مایاوتی اور اکھلیش نے امیت شاہ کا چیلج قبول کرلیا ہے۔ مایاوتی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ بی ایس پی امیت شاہ کا چیلنج قبول کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کہیں بھی کبھی بھی اس کے لئے تیار ہیں۔ اکھیلش یادو نے کہا کہ وہ بھی اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے امیت شاہ سے کہا کہ آپ خود اپنا پسندیدہ نیوز چینل منتخب کرلیں، خود ہی اپنا پسندیدہ ٹی وی اینکر منتخب کرلیں۔