دبئی میں امارات کے اتحاد ریل نیٹ ورک کا آغاز

   

دبئی : دبئی کے نائب صدر اور حکمران شیخ محمد بن راشد نے متحدہ عرب امارات کے مال بردار ریل نیٹ ورک کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ ملک کے قومی ریل نیٹ ورک کے تحت اتحاد ریل پروجیکٹ کا حصہ ہے۔اہم ترقیاتی منصوبہ خطے میں بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے اور اس کا مقصد سات امارات کو تجارت ، صنعت اور نقل و حرکت کے لیے ایک بڑے ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا ہے۔یہ نیٹ ورک ملک بھر میں چار بڑی بندرگاہوں اور سات لاجسٹک مراکز کو آپس میں ملائے گا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق شیخ محمد نے جمعرات کو ابوظہبی کے الفیاح علاقے میں مرکزی کنٹرول اور دیکھ بھال کے مرکز میں مال بردار ریل نیٹ ورک کے آغاز کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا، ” تمام امارات کو قومی ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا ہماری صلاحیتوں ، مسابقت کو تقویت دے گا ، اور اتحاد کو مضبوط کرے گا۔”یہ نیٹ ورک 38 انجنوں اور 1,000 سے زائد بوگیوں پر مشتمل ہے جو ہر قسم کے سامان کی نقل و حمل کے قابل ہے۔ ہر انجن 4,500 ہارس پاور کی طاقت سے چلتا ہے، جو 3,400 کلو واٹ کے برابر ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ میں سب سے طاقتور مال بردار ٹرین انجنوں میں سے ایک ہے۔مجموعی طور پر، 11 ٹھیکیداروں، 25 کنسلٹنٹس، اور 28,000 ماہرین نے اس منصوبے پر کام کیا ہے۔ اسے مکمل ہونے میں 133 ملین گھنٹے لگے، اور 180 سرکاری اداروں سے 40,000 منظوریاں لی گئیں۔ 1,000 سے زیادہ آپریشنل دستاویزات تیار کی گئی ہیں، جن میں ہدایات، ہینڈ بک، گائیڈ لائنز، پالیسیاں، آپریٹنگ طریقہ کار، معاہدے اور دیگر شامل ہیں۔