ابوظہبی : دبئی کے فلیگ شپ کیریئر ایمریٹس اور فلائی دبئی نے متحدہ عرب امارات میں شدید بارش کے بعد معمول کی کارروائیاں بحال کردی ہیں۔میڈیاکے مطابق ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ منگل کو ریکارڈ بارشوں کے نتیجے میں ایمریٹس نے تقریباً 400 پروازیں منسوخ کیں اور کئی تاخیر کا شکار ہوئیں۔طوفان کے باعث ایئر لائن نے دبئی سے روانہ ہونے والے مسافروں کیلئے چیک اِن معطل کر دیا اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے اپنا ٹرانزٹ آپریشن روک دیاجس سے ہزاروں مسافر پھنس گئے۔طوفان کی وجہ سے ٹیکسی ویز پر پانی آنے کے بعد ہوائی اڈے کو معمول کے کاموں میں واپس آنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ فلائی دبئی بھی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 اور ٹرمینل 3 سے اپنے مکمل فلائٹ شیڈول پر واپس آ گئی ہے۔کلارک نے کہا کہ ایمریٹس نے متاثر ہونے والے صارفین کو 12 ہزار ہوٹل کے کمرے اور ڈھائی لاکھ کھانے کے واؤچر فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ کرائی گئی بکنگ کا بیک لاگ ختم کرنے میں کئی دن لگیں گے۔متحدہ عرب امارات کو کئی دنوں سے سیلاب کے اثرات کا سامنا ہے، شہر اور ابوظہبی کے درمیان سڑکیں ہفتہ تک جزوی طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں۔ ابوظہبی میں کچھ سوپر مارکیٹوں اور ریسٹورینٹس کو مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا جو دبئی سے ڈیلیوری حاصل کرنے سے قاصر تھے۔محققین نے منگل کے طوفان کو موسمیاتی تبدیلی سے جوڑ دیا ہے اور یہ اندازہ لگایا ہے کہ گلوبل وارمنگ زیادہ درجہ حرارت، نمی میں اضافہ اور خلیجی خطے کے کچھ حصوں میں سیلاب کے زیادہ خطرے کا باعث بنے گی۔متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں شدید بارشوں سے نمٹنے کیلئے نکاسی آب کے بنیادی ڈھانچے کی کمی انہیں سیلاب کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔