دختر کی نعش ہاتھ پر منتقل کرنے والے مزدور سے کانگریس قائدین کی ملاقات

   

Ferty9 Clinic

پدا پلی ضلع کا دورہ ، سمپت نامی شخص کو مالی مدد، حکومت سے 10 لاکھ ایکس گریشیا کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے اقلیتی قائدین کے ایک وفد نے آج پدا پلی ضلع کے سری رام پورم منڈل میں کنارم موضع کا دورہ کیا اور سمپت نامی لیبر سے ملاقات کی ۔ گزشتہ دنوں کریم نگر گورنمنٹ ہاسپٹل میں سمپت کی دختر کو علاج سے انکار کئے جانے سے موت واقع ہوگئی تھی ۔ 7 سالہ لڑکی کی موت سرکاری ہاسپٹل کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ کانگریس قائدین نے دختر کی نعش لے جانے کیلئے ہاسپٹل کی جانب سے ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین حیدرآباد کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ اور دوسروں نے آج پدا پلی پہنچ کر سمپت سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ 7 سالہ لڑکی کوما لتا کی موت ڈاکٹروں کی لاپرواہی سے ہوئی ہے ۔ دو دن تک بیمار لڑکی کو ہاسپٹل کے خرچ پر چھوڑ دیا گیا ۔ ڈاکٹرس نے ورنگل منتقل کرنے کا مشورہ دیا جبکہ غریب خاندان کے پاس گھر واپسی اور غذا کے لئے تک پیسے نہیں تھے ۔ سمپت نے کانگریس قائدین کو بتایا کہ 30 اگست کو اس نے اپنی لڑکی کو ہاسپٹل سے رجوع کیا۔ ڈاکٹرس نے ابتداء میں شریک کرنے سے انکار کیا، بعد میں ورنگل لے جانے کی صلاح دی۔ ہاسپٹل میں بستر نہ ہونے کے سبب فرش پر رکھا گیا۔ دو دن تک کوئی علاج نہیں ہوا اور فوت ہونے کے بعد بھی اس غریب خاندان کی مصیبتیں کم نہیں ہوئیں اور ہاسپٹل سے 40 کیلو میٹر دور گھر منتقلی کیلئے ایمبولنس فراہم نہیں کی گئی۔

کانگریس قائدین نے سمپت اور ان کے افراد خاندان سے تعز یت کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ انہوں نے اپنی جانب سے اس غریب خاندان کی مالی مدد کی ، بعد میں کانگریس قائدین نے گورنمنٹ ہاسپٹل پہنچ کر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی اجئے کمار سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ لڑکی گردے کے عارضہ میں مبتلا تھی ، لہذا اسے ورنگل ہاسپٹل منتقل کرنے کی صلاح دی۔ ہاسپٹل میں ماہر امراض گردہ کی عدم موجودگی کے بارے میں سپرنٹنڈنٹ کچھ بھی جواب نہ دے سکے۔ کانگریس قائدین کی خواہش پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہاسپٹل کے لئے سرکولر جاری کیا جس میں میتوں کی منتقلی کیلئے مارچری ویان فراہم کرنے کی اطلاع دی گئی ۔ کانگریس قائدین نے علاج میں کوتاہی کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپئے ایکش گریشیا کا مطالبہ کیا۔ نظام الدین اور سمیر ولی اللہ نے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت کیلئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔