درانداز، منگل سوتر پر مودی کے تبصرے قابل مذمت:اویسی

   

چھترپتی سمبھاجی نگر (مہاراشٹرا): آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے مسلمانوں پر بار بار ہونے والے ‘غیر مہذب’ حملوں، کمیونٹی کو ‘درانداز’ قرار دینے اور مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہندو خواتین کے ‘منگل سوتر’ چھینے جانے کے الزامات پر وزیر اعظم نریندر مودی کی مذمت کی ہے ۔موجودہ رکن پارلیمنٹ اور اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ سے پارٹی کے امیدوار امتیاز جلیل کی حمایت میں پیر کی رات تاریخی عام خاص میدان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ مودی نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کے بارے میں سنگین غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 130 کروڑ عوام کے ملک کو وزیر اعظم سے اس طرح کے بیانات کی امید نہیں ہے ۔ ‘درانداز’ یا ‘مسلم خواتین زیادہ بچے پیدا کرتی ہیں’ جیسے الفاظ کا استعمال ان کے عہدے کو زیب نہیں دیتا۔ ‘‘وہ ہندوؤں میں خوف کا ماحول یہ کہہ کر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو وہ ہندو خواتین سے منگل سوتر چھین لیں گے اور مسلمانوں میں پیسہ، سونا اور جائیداد بانٹ دیں گے ؟’’ اویسی نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کے مطابق 2019 سے 2024 تک ملک کی خواتین نے خاندان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک لاکھ کروڑ کا سونا گروی رکھا ہے ۔