جرمانہ اور تادیبی کارروائی ہوگی ، ایم ڈی آر ٹی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں آر ٹی سی بسوں کی نقل و حرکت پر قابو پانے اور بس ڈرائیوروں پر لگام کسنے کے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ مسافرین کے لیے بے دریغ درمیان سڑک بسوں کو روکنے والے ڈرائیورس کو اب ان کی یہ حرکتیں مہنگی پڑیں گی ۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ان ڈرائیورس کو جرمانہ کے علاوہ محکمہ جاتی سطح پر تادیبی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وی سی سجنار آئی پی ایس نے یہ پہلا سخت فیصلہ لیا ہے ۔ تاہم اس فیصلے کو آر ٹی سی کے حق میں بہتر اور ڈرائیورس کے مفاد میں قرار دیا جارہا ہے ۔ ڈرائیورس کو انتباہ دینے کے علاوہ ایم ڈی ٹی ایس آر ٹی سی نے اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کردئیے ۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ بسوں کو درمیان سڑک روکنے سے حادثات بھی پیش آرہے ہیں اور اکثر مواقع پر ایسی شکایتیں پائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئیٹر کے علاوہ دیگر سوشیل میڈیا کے ذریعہ شکایتیں وصول ہورہی ہیں جس کے سبب آر ٹی سی کی ساکھ متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے ڈرائیورس کو ہدایت دی کہ وہ آر ٹی سی کے نام کو روشن کرنے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے تمام ڈرائیورس کو یہ بات معلوم ہونا چاہئے کہ درمیان سڑک بس روکنا جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بس ڈپو سے سڑک پر آنے سے قبل ڈیزل بنک کے قریب ہدایت پر مبنی بورڈ لگانا چاہئے ۔ ڈیوٹی چارجس دینے سے قبل سوپروائزرس کو چاہئے کہ وہ ڈرائیورس کی رہنمائی کریں ۔ احکامات میں بتایا گیا ہے کہ شرائط اور قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔۔ ع